پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کنول ضیائی کی غزلیں — Kanval Ziai Ghazals

کنول ضیائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پرکھ فضا کی ہوا کا جسے حساب بھی ہے (غزل)

پرکھ فضا کی ہوا کا جسے حساب بھی ہے

وہ شخص صاحب فن بھی ہے کامیاب بھی ہے

جو روپ آئی کو اچھا لگے وہ اپنا لیں

ہماری شخصیت کانٹا بھی ہے گلاب بھی ہے

ہمارا خون کا رشتہ ہے سرحدوں کا نہیں

ہمارے خون میں گنگا بھی ہے چناب بھی ہے

ہمارا دور اندھیروں کا دور ہے لیکن

ہمارے دور کی مٹھی میں آفتاب بھی ہے

کسی غریب کی روٹی پہ اپنا نام نہ لکھ

کسی غریب کی روٹی میں انقلاب بھی ہے

مرا سوال کوئی عام سا سوال نہیں

مرا سوال تری بات کا جواب بھی ہے

اسی زمین پہ ہیں آخری قدم اپنے

اسی زمین میں بویا ہوا شباب بھی ہے

کہاں تک بڑھ گئی ہے بات لکھنا (غزل)

کہاں تک بڑھ گئی ہے بات لکھنا

مرے گاؤں کے سب حالات لکھنا

جواں بیٹوں کی لاشوں کے علاوہ

ملی ہے کون سی سوغات لکھنا

کوئی سوتا ہے یا سب جاگتے ہیں

وہاں کٹتی ہے کیسے رات لکھنا

لہو دھرتی میں کتنا بو چکے ہو

نئی فصلوں کی بھی اوقات لکھنا

کہاں جلتا رہا دھرتی کا سینہ

کہاں ہوتی رہی برسات لکھنا

ہماری سر زمیں کس رنگ میں ہے

وہاں بہتے لہو کی ذات لکھنا

میں چھپ کر گھر میں آنا چاہتا ہوں

لگی ہے کس گلی میں گھات لکھنا

مزید غزلیں از کنول ضیائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں