پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کنول ملک کی غزلیں — Kanval Malik Ghazals

کنول ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہیں پانے کی چاہت ہے مگر کھونے کا ڈر بھی ہے (غزل)

تمہیں پانے کی چاہت ہے مگر کھونے کا ڈر بھی ہے

کہ دل شہر تمنا ہے تو محرومی کا گھر بھی ہے

وفا کے باغ میں جھولے پڑے ہیں آرزوؤں کے

دعاؤں کی ہری بیلوں پہ خواہش کا ثمر بھی ہے

فصیل فکر پہ یادوں کی قندیلیں بھی ضو افشاں

تمہاری منتظر میں ہی نہیں یہ چشم تر بھی ہے

مسافت نا امیدی کی پڑی ہے پاؤں میں میرے

تمہاری ہمرہی بھی ہے مگر تنہا سفر بھی ہے

چمکتی کانچ جیسی دھڑکنوں کو توڑنے والا

وہ پتھر دل بہت مانا ہوا اک شیشہ گر بھی ہے

سنو تم کہہ رہے تھے ناں دعا میں مانگ لو مجھ کو

مگر تم سوچ لو میری دعاؤں میں اثر بھی ہے

ہماری ایک خامی ہے تمہاری ذات میں کھونا

تمہیں تم سے چرا لینا ہمارا اک ہنر بھی ہے

سنو اس چاند سے کہنا میرے آنگن میں بھی اترے

سڑک کے پار کچے راستے پر میرا گھر بھی ہے

کنولؔ اعزاز بھی کہتی ہے اس کو جرم بھی دنیا

کہ بد نام زمانہ بھی محبت معتبر بھی ہے

تم کیا جانو پیار محبت عشق نبھانا کیا ہوتا ہے (غزل)

تم کیا جانو پیار محبت عشق نبھانا کیا ہوتا ہے

تم کیا جانو رستہ تکتے عمر بتانا کیا ہوتا ہے

مسجد مندر گرجا گھر میں اشک بہانا کیا ہوتا ہے

تم کیا جانو رات تہجد ہاتھ اٹھانا کیا ہوتا ہے

خود کو مٹی مٹی کر کے آہیں گریہ زاری شور

تم کیا جانو روٹھنے والے یار منانا کیا ہوتا ہے

تم کیا جانو زخمی آنکھیں خواب بکھر جانے کا دکھ

تم کیا جانو ہجر کے آنسو درد اٹھانا کیا ہوتا ہے

جان سے پیارے دے کر تم کو جان منا لوں بولو بھی

تم کیا جانو جان سے پیارے جان سے جانا کیا ہوتا ہے

درختوں سے پتوں کے جھڑنے کا موسم بھی ہے اور تمہاری کنولؔ (نظم)

درختوں سے پتوں کے جھڑنے کا موسم بھی ہے اور تمہاری کنولؔ

باغ کے اک کنارے پہ بکھرے ہوئے

سوکھتے ٹوٹتے زرد پتوں پہ چلتے ہوئے

نظم اک مختصر لکھ رہی ہے تمہارے لیے

اس کی آنکھوں سے بے رنگ بہتے ہوئے

اشک جو لال ہونے کو تھے

ہجر کا زہر پیتے ہوئے کاسنی ہو گئے

اپنی زخمی سی پوروں سے چن کر انہیں

لکھ رہی ہے کوئی نظم اک مختصر

جس کا عنوان ہے

لوٹ آؤ سنو

کہ درختوں سے پتوں کے جھڑنے کا موسم بھی اب جا رہا ہے بہاروں کی راہ دیکھتے

اور تمہاری کنولؔ پتی پتی بکھرتے ہوئے

راستے سے یوں لگ کر بڑی دیر سے

راستہ دیکھتے اب بہت تھک گئی

مزید غزلیں از کنول ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں