کانتی موہن سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ نشست غم ہے اس کی کوئی ریت تو نبھاؤ (غزل)
یہ نشست غم ہے اس کی کوئی ریت تو نبھاؤ
میں غزل سنا رہا ہوں مجھے چھوڑ کر نہ جاؤ
شب تار کا فسانہ کبھی مختصر بھی ہوگا
کوئی شمع تو جلاؤ کوئی جام تو اٹھاؤ
یہ غرور تیغ قاتل کبھی سرنگوں بھی ہوگا
سر بزم چوٹ کھا کر سر راہ مسکراؤ
تمہیں سر بلند پا کر چلی جائے سر جھکا کر
کبھی مرگ ناگہاں سے ذرا یوں بھی پیش آؤ
ذرا دیکھو گردنوں پر سر شام جھک چلے ہیں
یہ کنول ہیں کتنے پیارے انہیں دار پر سجاؤ
اسے کھینچ لو پلنگ سے وہ جو سو کے تھک گیا ہے
یہ جو تھک کے سو گیا ہے اسے پیار سے جگاؤ
رہا سر ہمیشہ تانے سہے ہنس کے تازیانے
وہ گریز پا ہوا کیوں کوئی سوزؔ کو مناؤ
معرکہ ختم ہوا جنگ ابھی جاری ہے (غزل)
معرکہ ختم ہوا جنگ ابھی جاری ہے
دل کی مانیں کہ خرد کی یہی دشواری ہے
کوئی پتا نہیں ہلتا ہے نہ کھلتی ہے زباں
آہ پھر سے کسی طوفان کی تیاری ہے
کیوں نہ یہ دیکھ کے بینائی دغا دے جائے
شمس پر بھی ابھی ظلمت کا فسوں طاری ہے
اب یہ حسرت بھی لئے جاتے ہیں دل کی دل میں
یہ تو کہہ لیتے ترا تیر بہت کاری ہے
ہائے کم ظرفیٔ دل تو نے کہیں کا نہ رکھا
آہ نے کہہ دیا تعزیر بہت بھاری ہے
تیرے مشکور ہیں ہمدم کیا واضح تو نے
فعل غارت گری صیاد کی ناچاری ہے
وقت فرقت یہ کرم سوزؔ پہ برپا کر دے
ہنس کے کہہ دے کہ یہ انعام وفاداری ہے