کنپریا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جل کر بجھتے لاوے بہہ کر آخر پتھر ہو جاتے ہیں (غزل)
جل کر بجھتے لاوے بہہ کر آخر پتھر ہو جاتے ہیں
ندیوں کو ٹھکرانے والے ساحل بنجر ہو جاتے ہیں
نتھنی جھمکے چوڑی کردھن بچھوئے جھانجھر ہو جاتے ہیں
اک لڑکی کے سارے سکھ دکھ اس کے زیور ہو جاتے ہیں
رسم روایت دین دھرم ایمان بھروسے والے ہی کیوں
عشق میں جینے مرنے والے بھی پیغمبر ہو جاتے ہیں
اپنا آپ بیاں کرنے کے سو معقول طریقوں میں سے
خاموشی کو چننے والے عمدہ شاعر ہو جاتے ہیں
بت کے آگے دھیان لگائے بیٹھے رہتے ہیں دیوانے
عشق نبھاتے رہنے والے دل پوجا گھر ہو جاتے ہیں
آپ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتے ہو گر ایسا ہے تو
آپ ہمارے بھیتر رہ لیں اور ہم باہر ہو جاتے ہیں
سفید کالے ہرے گلابی یا نیلے پیلے اچھال دینا (غزل)
سفید کالے ہرے گلابی یا نیلے پیلے اچھال دینا
امید بے رنگ سی دکھے تو یہ رنگ سارے اچھال دینا
تم اپنے لہجے کی سادگی کو بنا بگاڑے اچھال دینا
اماں خطوں کا خیال چھوڑو ہوا میں بوسے اچھال دینا
اداسیوں کے نگر کے آگے کوئی تو دریا ضرور ہوگا
جہاں دعاؤں کی صورتوں میں تم اپنے سکے اچھال دینا
کسی کے دل میں تم اس طرح سے اترنا جیسے ندی میں چندا
پھر اس کی آنکھوں کی سمت سارے فلک کے تارے اچھال دینا
وہ اپنے غم سے ہتاش ہو کر کہیں نہ اپنی ہی جان لے لے
سو ہم خدا سے کہیں گے اس کے غموں کو ہم پے اچھال دینا
مری حیات و سخن کی وسعت طویل ہے لا سخن ہے پھر بھی
کوئی جو پوچھے مری کہانی تو میرے مصرعے اچھال دینا
کسی دھرتی کے اتار چڑھاؤ سے جب بھی (نظم)
کسی دھرتی کے اتار چڑھاؤ سے جب بھی
اپنے سورج کی تمام تپن لے کر ٹکراتا ہے
کوئی سپاٹ آسمان
اصل میں دھرتی کو سلگتا چھوڑ کر
لوٹ جانا چاہتا ہوگا
لیکن دھرتی پر اگی شیام لتائیں
باندھ لیتی ہیں آسمان کی نیت
اور رکھ دیتی ہے دھرتی اپنی ندیاں
آسمان کی چھاتی پر رکھے سورج کے کندھوں پر
جلنے لگتی ہے بے تحاشہ
ندی کے پانی کی سانسیں سورج کے آئینہ سے ٹکرا کر
بھاپ ہونے لگتی ہے
لوٹ نہیں پاتا سورج
اور ایک بوند بہہ چلتی ہے سورج کے گلے سے
دھرتی کے اتار چڑھاؤ کو چھوتے بھگوتے ہوئے
دھرتی کی دھرتی میں جذب ہو جانے کو
دھرتی کی ایک بوند پیاس مٹا کر
سورج بھی بجھ جاتا ہے
اپنی شام کی بانہوں میں
اور وہ بوند ایک احساس کے مانند
اب بھی تیرا کرتی ہے دھرتی کے بدن پر