کنیز فاطمہ کرن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل میں اک ہلچل مچی ہے آج کل (غزل)
دل میں اک ہلچل مچی ہے آج کل
بے خودی ہی بے خودی ہے آج کل
آنکھیں جیسے جام ہوں چھلکے ہوئے
مانگ تاروں سے سجی ہے آج کل
فکر مستقبل نہ ہے ماضی کا غم
حال میں گم زندگی ہے آج کل
چار جانب رنگ خوشبو شاعری
آپ سے وابستگی ہے آج کل
توڑ کر تارے فلک سے لائے کون
چاند سے محفل سجی ہے آج کل
رات کچھ جگنو چرا کر لائی تھی
صبح سے جاں پر بنی ہے آج کل
بکھرے جب خواب تو حالات نے رونے نہ دیا (غزل)
بکھرے جب خواب تو حالات نے رونے نہ دیا
عمر بھر غیرت جذبات نے رونے نہ دیا
راہ پر خار تھی پھولوں سے روش سج نہ سکی
پھر بھی دشواریٔ حالات نے رونے نہ دیا
گو کہ رخصت ہوئی ست رنگ دھنک آپ کے ساتھ
ہجر کی رات میں برسات نے رونے نہ دیا
تھے وہ بے بس ستم دہر پہ جو روتے رہے
دل تھا پر عزم تو صدمات نے رونے نہ دیا
دل شکستہ تھے مگر حوصلہ رکھتے تھے کرنؔ
عشق میں غم کی روایات نے رونے نہ دیا
تم وہ بادل ہو کہ آکاش پہ جب جھوم کے آئے (نظم)
تم وہ بادل ہو کہ آکاش پہ جب جھوم کے آئے
چلے پروائی بھی موسم بھی سہانا ہو جائے
کبھی گھنگھور گھٹا سرمئی اودی کالی
کبھی اک روئی کا گالا کہ بس اڑتا جائے
کبھی بجلی کی کڑک بن کے جلائے خرمن
گڑگڑاتا کہیں بن برسے ہی گزرا جائے
پانی تھم تھم کے پڑے رنگ دھنک کے بکھریں
ہجر کی شام ڈھلے وصل کی رات آ جائے
میں وہ دھرتی کہ جب آکاش پہ بادل چھائے
جھوم جھوم سبزہ درخت پھول سواگت کو بڑھیں
سوندھی سوندھی سی مہک مٹی کے انگ انگ سے اٹھے
ہلکی پھوار کے چھینٹے جو بدن سے کھیلیں
جب گھٹا ٹوٹ کے برسے تو کرے جل تھل ایک
دھرتی کی پیاس بجھے من کی لگی شانت کریں
کہیں جھرنے کہیں مینڈک کہیں چڑیاں کہیں مور
زندگی رقص کرے رنگ بہاروں کے کھلیں
تم تو بادل ہو اگر آج یہاں کل ہو وہاں
ہوا کے دوش پہ انجانی فضاؤں میں رواں
کہیں موسم ہو مناسب تو برس کر کھل جاؤ
کہیں بس دھوپ کی تیزی میں کمی کرتے جاؤ
میں وہ دھرتی کہ بہاروں کے گزر جانے پر
ہجر کی دھوپ کڑی سہ کے جو ٹکڑے ہو جائے
یادیں گزری ہوئی برکھا کی لگائے دل سے
ملنے کی آس میں آکاش کو تکتی رہ جائے