پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامران نفیس کی غزلیں — Kamran Nafees Ghazals

کامران نفیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھیل تماشے میں ایسے منظر بھی ہوتے ہیں (غزل)

کھیل تماشے میں ایسے منظر بھی ہوتے ہیں

گرتی ہے دستار تو اس میں سر بھی ہوتے ہیں

شہر اجاڑیں کھیل رچا کے کٹھ پتلی کے ساتھ

لشکر کے سالار تماشا گر بھی ہوتے ہیں

دیواروں کے باسی کیا جانیں گھر کا مطلب

گھر کہلاتا ہے جب بام و در بھی ہوتے ہیں

پلٹ کے بھی آ جاتی ہیں اکثر یہ دھیان رہے

باتوں میں الفاظ نہیں پتھر بھی ہوتے ہیں

بعض اوقات تو عشق بھی پہلا کام نہیں رہتا

بعض اوقات مسائل کچھ دیگر بھی ہوتے ہیں

آج کرید کے دیکھوں گا یادوں کی ٹھنڈی راکھ

چند دہکتے لمحے تو اندر بھی ہوتے ہیں

بکھری بکھری سوچوں میں کچھ گرد اڑاتے پل

لامتناہی سے غم کا محور بھی ہوتے ہیں

جل اٹھے یہ خس خانہ تو آنکھوں سے چھلکیں

دل میں ایسے برفیلے پیکر بھی ہوتے ہیں

قرار اس دل کو آنا اب ضروری تو نہیں ہے (غزل)

قرار اس دل کو آنا اب ضروری تو نہیں ہے

نیا اک غم بسانا اب ضروری تو نہیں ہے

ضروری تو نہیں ہے اب اسے آواز دینا

اور اس کا لوٹ آنا اب ضروری تو نہیں ہے

ذرا سا مسکرا دینے میں اب کیسا تردد

کہ اتنا غم چھپانا اب ضروری تو نہیں ہے

تو کیا خاموش رہ کر بھی سنائی دے رہا ہوں

مگر سب کچھ چھپانا اب ضروری تو نہیں ہے

سنورنے کے لئے بیتاب ہے دل چشم نم میں

یہ آئینہ دکھانا اب ضروری تو نہیں ہے

ہنر خوابوں میں در آنے کا ہم بھی جانتے ہیں

پر اس کو آزمانا اب ضروری تو نہیں ہے

ضروری تو نہیں ہے اب ہر اک وعدہ نبھانا

ہر اک وعدہ نبھانا اب ضروری تو نہیں ہے

سیدوں کی بستی میں (نظم)

سیدوں کی بستی میں

ایک گہری خاموشی

سنسناتی پھرتی ہے

آگہی کا حرف غم

سر جھکائے رہتا ہے

معتبر نہیں رہتا

راستوں میں ہر جانب

عزم اور عظمت کی

گرد اڑتی رہتی ہے

بارشیں نہیں ہوتیں

دھوپ کی تمازت سے

راہ کے شجر سارے

سوکھتے ہی جاتے ہیں

سبز رو نہیں رہتے

آم کے درختوں پر

بور بھی نہیں آتا

جامنوں کے پیڑوں پر

کوئلیں نہیں آتیں

مسجدوں کے مینارے

بد نما شکستہ ہیں

گاہ گاہ وحشت ہے

بے نشان گلیوں میں

کھیلتے ہوئے بچے

اب نظر نہیں آتے

مائیں بھی دعا دینے

در تلک نہیں آتیں

روز آنے والا وہ

ایک جو گداگر تھا

اب کبھی نہیں آتا

پیاس جو بجھاتا تھا

راہ کے مسافر کی

چاہ آب تھا جو ایک

خشک ہو گیا کب کا

گھر کے بند دروازے

سوگوار رہتے ہیں

دستکیں نہیں ہوتیں

چوکھٹوں پہ دیمک کی

سرمئی لکیریں ہیں

زنگ سے بھری کنڈی

مکڑیوں کے جالوں سے

بھر چکی ہے آخر کار

دکھ کے طاق پر ہر دم

ناتواں چراغوں کی

زرد لو لپکتی ہے

غم زدہ دریچوں سے

بے حجاب تنہائی

رینگتی نکلتی ہے

دل زدہ مکینوں کے

ساتھ ساتھ رہتی ہے

شامیوں کے لشکر کا

مستقل پڑاؤ ہے

مزید غزلیں از کامران نفیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں