پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامران ندیم کی غزلیں — Kamran Nadeem Ghazals

کامران ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی وحشت میں پھر آباد ہونا چاہتا ہوں (غزل)

کسی وحشت میں پھر آباد ہونا چاہتا ہوں

میں اس کی قید سے آزاد ہونا چاہتا ہوں

پرانی شکل صورت گر ملامت بن گئی ہے

نئی مٹی سے پھر ایجاد ہونا چاہتا ہوں

کسی کے ہجر میں حیرت کدے آباد دیکھوں

کسی کے وصل میں برباد ہونا چاہتا ہوں

اسے بھی اپنی بانہوں میں تڑپتا دیکھنا ہے

میں اس کا صید تھا صیاد ہونا چاہتا ہوں

اسی خوشبو سے پھر ہم خواب ہونے کی ہوس ہے

اسی خوش وصل سے دل شاد ہونا چاہتا ہوں

اب اپنی ذات کے زنداں میں بھی دم گھٹ رہا ہے

کوئی دم خود سے بھی آزاد ہونا چاہتا ہوں

اک تسلسل سے رائگانی ہے (غزل)

اک تسلسل سے رائگانی ہے

زندگی بھی عجب کہانی ہے

سر میں سودا نیا سمایا ہے

دل میں وحشت وہی پرانی ہے

تجھ گلی میں غبار بن کے میاں

ہجر کی خاک ہم نے چھانی ہے

مجھ کو تحلیل کر دیا پل میں

کیا عجب مرگ ناگہانی ہے

دل میں ماتم کناں ہے حلقۂ غم

تیرے جانے کی سوز خوانی ہے

دشت امکاں تو ایک پل ہے مگر

پائے امکاں تو جاودانی ہے

کس قدر ہوں شکستہ پا پھر بھی

خود کو پانے کی پھر سے ٹھانی ہے

مزید غزلیں از کامران ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں