پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامران حامد کی غزلیں — Kamran Hamid Ghazals

کامران حامد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غضب ہے وہ زلفیں ہے رخسار دل کش (غزل)

غضب ہے وہ زلفیں ہے رخسار دل کش

بھلا کیوں نہ ہوگا وہ کردار دل کش

گزر ان کے کوچہ سے ایسا لگے ہے

کہ جیسے ہے باغیچہ گل بار دلکش

محبت ہے میری مرے فلسفے ہیں

تمہیں جیت دل کش ہمیں ہار دل کش

مجھے دیکھنے کے ہی ضد پہ اڑا ہے

سنا ہے کہ جب سے ہے بیمار دل کش

وہ اک شخص کی غیر موجودگی میں

ہوئے کب جو ہوں گے یہ اشعار دل کش

اب اور نہ ستا مجھ کو جلدی دکھا تو

وہ منظر بچے ہیں جو دو چار دل کش

تری اس رضا میں بھی لذت نہیں ہے

ہے ان کی زباں سے بھی انکار دل کش

ملا ہم سے حامدؔ وہ جب بھی جہاں بھی

ملاقات ہوتی ہے ہر بار دل کش

کل رات تیری یاد کو ہم نے بٹھایا اور بس (غزل)

کل رات تیری یاد کو ہم نے بٹھایا اور بس

تکتے رہے مہتاب کو کچھ یاد آیا اور بس

شکوے کئی تھے تھے کئی ہم کو گلے اس نے مگر

ملتے ہی یوں معصومیت سے مسکرایا اور بس

پیشانیوں پر تھی شکن غصے سے یوں سب لال تھے

پھر ایک دم اس نے نظر کو یوں جھکایا اور بس

دیکھا جو اس نے ہجر کو اک روز اپنے خواب میں

جھنجھلا اٹھے پھر نیند سے ہم کو جگایا اور بس

اے یار جب تک تھی نہیں بے پردگی سب ٹھیک تھا

اس نے یکایک چہرے سے چہرہ ہٹایا اور بس

تم جو گئے تھے ہاتھ یوں ہم سے چھڑا کر کیا کہیں

بند سینہ میں جو تھا پرندہ پھڑپھڑایا اور بس

اپنے کلاموں کا سبب اب ہم بتائیں بھی تو کیا

اک روز حامدؔ ان سے تھا یوں دل لگایا اور بس

مزید غزلیں از کامران حامد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں