پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامران غنی صبا کی غزلیں — Kamran Ghani Saba Ghazals

کامران غنی صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہیں بتاؤں کہ کس مشغلے سے آئی ہے (غزل)

تمہیں بتاؤں کہ کس مشغلے سے آئی ہے

مری نظر میں چمک رت جگے سے آئی ہے

خیال جیسے ہی آیا ذرا سا دم لے لوں

تو اک صدائے جرس قافلے سے آئی ہے

چمک رہی ہے جبیں نقش پا کی برکت سے

وہ بالیقیں ترے راستے سے آئی ہے

یہ کیا عجب ہے کہ مجھ کو ہی کچھ نہیں معلوم

جو میری بات ترے واسطے سے آئی ہے

تم اپنے جسم کی خوشبو سنبھال کر رکھنا

یہ بہکی بہکی صدا آئنے سے آئی ہے

بس اتنی ضد تھی مصلیٰ بچھا کے پینا ہے

پلٹ کے میری انا میکدے سے آئی ہے

جسے بھلائے زمانہ گزر چکا تھا صباؔ

اسی کی یاد بڑے ولولے سے آئی ہے

غم حیات کو لکھا کتاب کی مانند (غزل)

غم حیات کو لکھا کتاب کی مانند

اور ایک نام کہ ہے انتساب کی مانند

نہ جانے کہہ دیا کس بے خودی میں ساقی نے

سرور تشنہ لبی ہے شراب کی مانند

بہت قریب سے دیکھا تو انکشاف ہوا

وہ خار خار ہے شاخ گلاب کی مانند

مرا سوال کہ کس نے مجھے تباہ کیا

ترا سکوت مکمل جواب کی مانند

میں اپنی آنکھوں کو رکھتا ہوں با وضو ہر دم

کہ تیرا ذکر مقدس کتاب کی مانند

مجھے عزیز ہیں خوابوں کی کرچیاں بھی صباؔ

کسی نگاہ میں ہوں گی عذاب کی مانند

مزید غزلیں از کامران غنی صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں