کامران عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو بہت بے رخی سے ملتا ہے (غزل)
جو بہت بے رخی سے ملتا ہے
کیا کریں دل اسی سے ملتا ہے
صرف مطلب کے واسطے اب تو
آدمی آدمی سے ملتا ہے
وہ لکھا ہے کہاں کتابوں میں
جو سبق زندگی سے ملتا ہے
مرتبہ آج بھی زمانے میں
پیار سے عاجزی سے ملتا ہے
اس کا درماں نہیں کوئی عادلؔ
درد جو دوستی سے ملتا ہے
ذہن و دل پر سوار رہتی ہے (غزل)
ذہن و دل پر سوار رہتی ہے
شاعری بھی اسی کے جیسی ہے
مات کیسے انا کو دینی ہے
میں نے ترکیب سوچ رکھی ہے
عزم جاتا ہے لے کے منزل تک
راہ تو ساتھ ساتھ چلتی ہے
میں نے دیکھا ہے وقت بدلے تو
رنگ تصویر بھی بدلتی ہے
میں نے مانا کہ دیر سے ہی سہی
خامشی اپنا کام کرتی ہے
میرا تائید کرنا لازم ہے
بات ان کی زباں سے نکلی ہے
ہم کو تو سرحدوں نے بانٹ دیا
اس کا لاہور میری دلی ہے
بے خودی ہے عجیب شے عادلؔ
ریت میں مچھلیاں پکڑتی ہے
مزید غزلیں از کامران عادل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں