کامل جنیٹوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لے کر محبتوں کے ترانے چلے گئے (غزل)
لے کر محبتوں کے ترانے چلے گئے
جانے کہاں وہ لوگ پرانے چلے گئے
خاموش تھے تو سارا زمانہ تھا ساتھ ساتھ
گویا ہوئے تو جسم سے شانے چلے گئے
ان کو برہنگی کے سوا کچھ نہ مل سکا
چادر جو خواہشات کی تانے چلے گئے
آنکھوں میں ہے خمار تو بس رت جگوں کا آج
کس سمت جانے خواب سہانے چلے گئے
فاقوں کا بوجھ حد سے زیادہ بڑھا تو بس
سڑکوں پہ بچے گیت سنانے چلے گئے
چوپال ختم جب سے ہوئی اپنے گاؤں کی
پریوں کے دل فریب فسانے چلے گئے
ممکن ہے کاملؔ آج نہ پہچان پائے وہ
اس سے ملے بھی اب تو زمانے چلے گئے
ختم جب دونوں طرف سے بد گمانی ہو گئی (غزل)
ختم جب دونوں طرف سے بد گمانی ہو گئی
سبز ہر موسم ہوا ہر رت سہانی ہو گئی
آؤ دیکھیں کس نے زلفوں کو بکھیرا وقت شام
کیوں گھٹا چھائی فضا کیوں زعفرانی ہو گئی
روٹھنا پھر مان جانا مان کر پھر روٹھنا
کیا بتاؤں اس کی یہ عادت پرانی ہو گئی
بعد مدت کے ملے تھے کل انا کے موڑ پر
اک ذرا سی بات پر پھر آنا کانی ہو گئی
سامنے فٹ پاتھ ہے اور بے سر و سامانیاں
ختم اب اجداد کی اک اک نشانی ہو گئی
رفتہ رفتہ ہو گیا مقبول میں بھی شہر میں
کامیاب اپنے قلم کی جانفشانی ہو گئی
حکم صادر کر دیا حاکم نے کاملؔ کے خلاف
ہر طرف جب عام اس کی حق بیانی ہو گئی