پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامل چاند پوری کی غزلیں — Kamil Chandpuri Ghazals

کامل چاند پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب نقاب رخ زیبا نہیں دیکھا جاتا (غزل)

اب نقاب رخ زیبا نہیں دیکھا جاتا

چاند ہم سے پس پردہ نہیں دیکھا جاتا

اب تو للہ الٹ دو رخ روشن سے نقاب

ہم سے محفل میں اندھیرا نہیں دیکھا جاتا

ان کے حصے کے جو غم ہیں مجھے دے دے یارب

ان کا اترا ہوا چہرہ نہیں دیکھا جاتا

ہائے ان نرگسی آنکھوں میں چھلکتے آنسو

کیسے دیکھوں یہ نظارہ نہیں دیکھا جاتا

دیکھنے کی بھی تمنا ہے ان آنکھوں کو مگر

سامنے آئیں تو جلوہ نہیں دیکھا جاتا

تم ملو غیر سے اور وہ تمہیں ہنس کر دیکھے

کیسا پتھر ہو کلیجہ نہیں دیکھا جاتا

اب تمہیں موت ہی آ جائے تو بہتر کاملؔ

ہم سے یہ حال تمہارا نہیں دیکھا جاتا

ہم لیے ہوش کے نذرانے چلے آتے ہیں (غزل)

ہم لیے ہوش کے نذرانے چلے آتے ہیں

شام ہوتی ہے تو مے خانے چلے آتے ہیں

میں وہ مے کش ہوں بدلتی ہے جو ساقی کی نظر

خود مرے سامنے پیمانے چلے آتے ہیں

بے خودی میں قدم اٹھ جاتے ہیں کعبے کی طرف

ہوش آتا ہے تو مے خانے چلے آتے ہیں

کم نہ تھی پہلے ہی ناصح کی نوازش ہم پر

ظلم ہے دوست بھی سمجھانے چلے آتے ہیں

آپ آتے ہیں تو آ جاتی ہے اس گھر میں بہار

آپ کے جاتے ہی ویرانے چلے آتے ہیں

گھیر کر شیخ جو لے جاتا ہے مسجد کو تو ہم

راستہ کاٹ کے مے خانے چلے آتے ہیں

جب بھی اٹھتی ہیں مری سمت وہ نظریں کاملؔ

رقص کرتے ہوئے پیمانے چلے آتے ہیں

میں نے جس روز تمہیں پہلے پہل دیکھا تھا (نظم)

میں نے جس روز تمہیں پہلے پہل دیکھا تھا

تم کو دیکھا تو مرے دل کو یہ محسوس ہوا

حور شاید کوئی جنت سے اتر آئی ہے

یا کوئی ایسی غزل کہہ نہ سکا میں جس کو

بن کے ایک پیکر رنگین نظر آئی ہے

جسم نازک سے وہ لپٹی ہوئی نازک ساری

جس طرح سرو سے رابیل لپٹ جاتی ہے

کینچلی میں بھری یا کوئی سنہری ناگن

سمٹی سمٹائی سی ہر موڑ پہ بل کھاتی ہے

وہ سیہ زلف وہ آنکھوں میں گلابی ڈورے

جیسے مے خانے پہ گھنگھور گھٹا چھا جائے

اور پھر اس پہ وہ مے پاش نگاہیں توبہ

آدمی کیا ہے فرشتوں کو خمار آ جائے

تم مجھے دیکھ رہی تھیں عجیب انداز کے ساتھ

میں نے دیکھا تو بچا لی تھیں نگاہیں تم نے

مسکراہٹ پہ تمہاری یہ گماں گزرا تھا

جیسے سن لی ہوں مرے دل کی کراہیں تم نے

جام پہ جام پلاتی ہی رہی مست نظر

اور میں پیار کی مستی میں بہکتا ہی گیا

دل سیہ زلف کے حلقوں میں اترتا ہی رہا

میں بھی اس طرح سے چہکا کہ چہکتا ہی گیا

دم رخصت بھی نوازش کا وہی عالم تھا

چلتے چلتے بھی ان آنکھوں سے کئی جام چلے

دل میں اک خواہش بے تاب لئے لوٹا تھا

پھر یہی شام یہی ساقیٔ گلفام چلے

میری آنکھوں سے وہ منظر نہیں بھولا جاتا

اس حسیں شام کی اس رات کی یاد آتی ہے

سامنے آنکھوں کے آ جاتی ہے کاملؔ تصویر

جب کسی بت سے ملاقات کی یاد آتی ہے

مزید غزلیں از کامل چاند پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں