پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاملؔ بہزادی کی غزلیں — Kamil Bahzadi Ghazals

کاملؔ بہزادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ زمانہ کہیں مجھ سے نہ چرا لے مجھ کو (غزل)

یہ زمانہ کہیں مجھ سے نہ چرا لے مجھ کو

کوئی اس عالم دہشت سے بچا لے مجھ کو

میں اسی خاک سے نکلوں گا شرارہ بن کر

لوگ تو کر گئے مٹی کے حوالے مجھ کو

کوئی جگنو کوئی تارا نہ اجالا دے گا

راہ دکھلائیں گے یہ پاؤں کے چھالے مجھ کو

ان چراغوں میں نہیں ہوں کہ جو بجھ جاتے ہیں

جس کا جی چاہے ہواؤں میں جلا لے مجھ کو

درد کی آنچ بڑھے گی تو پگھل جاؤں گا

اپنے آنچل میں کوئی آ کے چھپا لے مجھ کو

اس قدر میں نے سلگتے ہوئے گھر دیکھے ہیں

اب تو چبھنے لگے آنکھوں میں اجالے مجھ کو

تذکرہ میرا کتابوں میں رہے گا کاملؔ

بھول جائیں گے مرے چاہنے والے مجھ کو

آکاش کی حسین فضاؤں میں کھو گیا (غزل)

آکاش کی حسین فضاؤں میں کھو گیا

میں اس قدر اڑا کہ خلاؤں میں کھو گیا

کترا رہے ہیں آج کے سقراط زہر سے

انسان مصلحت کی اداؤں میں کھو گیا

شاید مرا ضمیر کسی روز جاگ اٹھے

یہ سوچ کے میں اپنی صداؤں میں کھو گیا

لہرا رہا ہے سانپ سا سایہ زمین پر

سورج نکل کے دور گھٹاؤں میں کھو گیا

موتی سمیٹ لائے سمندر سے اہل دل

وہ شخص بے عمل تھا دعاؤں میں کھو گیا

ٹھہرے ہوئے تھے جس کے تلے ہم شکستہ پا

وہ سائباں بھی تیز ہواؤں میں کھو گیا

مزید غزلیں از کاملؔ بہزادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں