کامل اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
منظروں کی بھیڑ ایسی تو کبھی دیکھی نہ تھی (غزل)
منظروں کی بھیڑ ایسی تو کبھی دیکھی نہ تھی
گاؤں اچھا تھا مگر اس میں کوئی لڑکی نہ تھی
روح کے اندر خلا ہے یہ مجھے معلوم تھا
کھوکھلا ہے جسم بھی اس کی خبر پہنچی نہ تھی
ہاتھ تھاما ہے سدا کے واسطے ویسے مگر
ساتھ اس کا چھوڑنے میں کچھ برائی بھی نہ تھی
ان دنوں بھی درد کا سایہ مرے ہمراہ تھا
جب دھواں بن کر وہ میرے ذہن پر چھائی نہ تھی
جذب ہو جانے کا قصہ خود سے بھی منسوب کر
بھول میری تھی اگر تو بھی کوئی دیوی نہ تھی
رنگ پکا ہو چلا تھا یاد آتا ہے مگر
دھوپ میرے جسم پر تب ٹھیک سے بھیگی نہ تھی
خواہشوں کا وہ جزیرہ بھی تو آخر بہہ گیا
خوف و خطرہ کی جہاں پر کوئی آبادی نہ تھی
گرچہ میں بن کے ہوا تیز بہت تیز اڑا (غزل)
گرچہ میں بن کے ہوا تیز بہت تیز اڑا
وہ بگولا تھا مگر میرے تعاقب میں رہا
مجھ سے کتنوں کو اسی دن کی شکایت ہوگی
ایک میں ہی نہیں جس پر یہ کڑا وقت پڑا
اور تاریک مری راہ گزر کو کر دے
تو مگر اپنی تمنا کے ستارے نہ بجھا
اب تو ہر وقت وہی اتنا رلاتا ہے مجھے
جس کو جاتے ہوئے میں دیکھ کے رو بھی نہ سکا
تم سے چاہا تھا بہت ترک تعلق کر لوں
جانے کیوں مجھ سے مری جاں کبھی ایسا نہ ہوا
عمر بھر یاد رہا اپنی وفاؤں کی طرح
ایک وہ عہد جسے آپ نے پورا نہ کیا
کوئی سورج تو ملے کوئی سہارا تو بنے
چاند کا ہاتھ مرے ہاتھ سے پھر چھوٹ گیا