پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کمال لکھنؤی کی غزلیں — Kamal Lakhnavi Ghazals

کمال لکھنؤی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری بات پر جو چلتے تو کچھ اور بات ہوتی (غزل)

مری بات پر جو چلتے تو کچھ اور بات ہوتی

جو روش نہ تم بدلتے تو کچھ اور بات ہوتی

رہ کائنات م میں مرا ساتھ چھوڑنا کیا

مرے ساتھ ساتھ چلتے تو کچھ اور بات ہوتی

پس پردہ اللہ اللہ یہ تجلیوں کا عالم

وہ حجاب سے نکلتے تو کچھ اور بات ہوتی

سر حشر وہ تو کہئے انہیں دیکھ کے پریشاں

جو بیاں نہ ہم بدلتے تو کچھ اور بات ہوتی

یہ چراغ عزم و ہمت یوں جلے بھی تو جلے کیا

اگر آندھیوں میں جلتے تو کچھ اور بات ہوتی

جو پئے ہیں میں نے آنسو وہ بدل کے اپنی منزل

تری آنکھ سے نکلتے تو کچھ اور بات ہوتی

وہ نظر کی گردشوں کو جو بہ نام مے گساری

مرے جام سے بدلتے تو کچھ اور بات ہوتی

جو شعاع فکر و فن سے مرے وادیٔ ادب میں

نئے آفتاب ڈھلتے تو کچھ اور بات ہوتی

ہمیں اے کمالؔ آخر کوئی تھا جو تھا سنبھالے

ہمیں گر کے خود سنبھلتے تو کچھ اور بات ہوتی

میرا دل صاف ہے ہر شخص سے درپن کی طرح (غزل)

میرا دل صاف ہے ہر شخص سے درپن کی طرح

میں تو دشمن سے بھی ملتا نہیں دشمن کی طرح

بے تحاشا جو تری یاد کبھی آئی ہے

اشک آنکھوں سے برسنے لگے ساون کی طرح

میرے ہونٹوں کے تبسم پہ نہ جاؤ یارو

زندگی ہے مری جلتے ہوئے ایندھن کی طرح

برق رہ رہ کے چمکتی ہے چمکنے دیجے

ہم بنائیں گے نشیمن کو نشیمن کی طرح

ننگ کردار میں بزم بشریت کے لئے

ہاتھ پھیلائیں جو پھیلے ہوئے دامن کی طرح

مصلحت کا یہ تقاضا ہے کہ بچ کر رہئے

آج کا دور ہے بپھری ہوئی ناگن کی طرح

روز کھلتے ہیں نئے پھول مرے دامن میں

دور گلشن سے مہکتے ہوئے گلشن کی طرح

وقت کی بات ہے ہم تخت نشینان جہاں

در بدر پھرتے ہیں محتاج نشیمن کی طرح

شکر صد شکر زمانے کی نگاہوں میں کمالؔ

میرا دامن نہیں مسکے ہوئے دامن کی طرح

مزید غزلیں از کمال لکھنؤی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں