پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کمال نادم کی غزلیں — Kamal Nadim Ghazals

کمال نادم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روز اک فتنہ اٹھاتے کیوں ہو (غزل)

روز اک فتنہ اٹھاتے کیوں ہو

ظلم لوگوں پہ یوں ڈھاتے کیوں ہو

نسل آدم سے تعلق رکھ کر

خون انساں کا بہاتے کیوں ہو

ہیں جو معصوم فرشتے ان کو

پاٹھ نفرت کا پڑھاتے کیوں ہو

جب اجالے کے محافظ ٹھہرے

پھر چراغوں کو بجھاتے کیوں ہو

پڑ گیا قحط ہے کیا پانی کا

خون سے پیاس بجھاتے کیوں ہو

رنجشیں کم ہیں دلوں میں نادمؔ

دوریاں اور بڑھاتے کیوں ہو

سنتے ہیں لہو سے وہ تصویر بناتا ہے (غزل)

سنتے ہیں لہو سے وہ تصویر بناتا ہے

چن چن کے وہ دھرتی کو کشمیر بناتا ہے

ہر دن وہ ہڑپتا ہے اوروں کی زمینوں کو

پر روز نئی اپنی جاگیر بناتا ہے

ہاتھوں میں نہیں اس کے ہے کوئی ہنر مندی

دعویٰ ہے مگر اس کا تقدیر بناتا ہے

اس کے ہی حلیفوں نے مشہور کیا ہے یہ

وہ زہر ہلاہل کو اکسیر بناتا ہے

دل پر تو نہیں چلتا کچھ زور کبھی اس کا

ذہنوں کے جکڑنے کو زنجیر بناتا ہے

نادمؔ تو دوانہ ہے کیا بات کریں اس کی

نازک سی غزل کو بھی شمشیر بناتا ہے

مزید غزلیں از کمال نادم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں