پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کمل کٹاریہ کرن کی غزلیں — Kamal Kataria Karan Ghazals

کمل کٹاریہ کرن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون جس کو سمجھ کے دامن میں رکھ لیا وہ تمام دکھ ہے (غزل)

سکون جس کو سمجھ کے دامن میں رکھ لیا وہ تمام دکھ ہے

جسے محبت سمجھ رہے تھے حضور اس کا ہی نام دکھ ہے

قفس میں تنہائی کے علاوہ بھی ایک شے ہے جو معتبر ہے

میں تجربے سے یہ کہہ رہا ہوں سہولتوں کا نظام دکھ ہے

ادب کروں کہ لحاظ احمق نفس نفس پر ہوا ہے قابض

نجات مشکل ہے اب تو گویا مرے بدن کا امام دکھ ہے

سنبھالتا ہوں بڑی مروت سے اپنے دل میں تمہارے تحفے

مری طرف سے تمہارے بخشے الم کا بس احترام دکھ ہے

کمال ہے یہ اب انسیت کے تمام پہلو بدل گئے ہیں

جو مرحلہ تھا مسرتوں کا اب عشق کا وہ مقام دکھ ہے

کسے چنیں گی یہ فیصلہ ہم تری نگاہوں پہ چھوڑتے ہیں

تماش بیں ہے مری محبت فریب الفت بہ نام دکھ ہے

تمہارے حصہ کے دن سنہرے تمہارے حصہ کی رات پونم

ہمارے حصہ اداس صبحیں ہمارے حصہ کی شام دکھ ہے

ہزار آنسو اداسیاں غم یہ درد مضمون شاعری ہیں

سنو کبھی غور سے تو جانو کرنؔ کا ہر اک کلام دکھ ہے

زندگی کی تلخیوں پر خاک ڈالی جائے گی (غزل)

زندگی کی تلخیوں پر خاک ڈالی جائے گی

اس طرح سے زندگی آساں بنا لی جائے گی

سرخ آنکھیں زرد چہرہ سرد آہیں دل اداس

اب کسی صورت تو یہ صورت سنبھالی جائے گی

مجلسی مانا تبسم ہے لبوں پر ان دنوں

اس پہ امیدوں کی پھر سے نیو ڈالی جائے گی

پیرہن یہ حسرتوں کا اب رفو ہوگا جناب

ہر خوشی جو روٹھ بیٹھی تھی منا لی جائے گی

زندگی کے استعارے پھر بدل جائیں گے اب

پھر تمنا خوبصورت دل میں پالی جائے گی

درد و غم کی اب یہاں تاثیر الٹے گی میاں

چوٹ بھی دل کی ہنر اپنا بنا لی جائے گی

چیر دے گی آسماں تک کا کلیجہ ایک دن

مت سمجھنا آہ بے کس ہے تو خالی جائے گی

ہم بدل ڈالیں گے لکھا کاتب تقدیر کا

اپنی قسمت اپنے ہاتھوں سے سجا لی جائے گی

قہقہے گونجیں گی ہر پل اب فضاؤں میں کرنؔ

درد کی اب روز و شب میت نکالی جائے گی

مزید غزلیں از کمل کٹاریہ کرن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں