کمال جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ابھی دکھی ہوں بہت اور بہت اداس ہوں میں (غزل)
ابھی دکھی ہوں بہت اور بہت اداس ہوں میں
ہنسوں تو کیسے کہ تصویر درد و یاس ہوں میں
قریب رہ کے بھی تو مجھ سے دور دور رہا
یہ اور بات کہ برسوں سے تیرے پاس ہوں میں
بھٹک رہا ہوں ابھی خار دار صحرا میں
مگر مزاج گلستاں سے روشناس ہوں میں
جو تیرگی میں دیا بن کے روشنی بخشے
اس اعتماد کی ہلکی سی ایک آس ہوں میں
خود اپنے ہاتھ سے سیتا ہوں اور پہنتا ہوں
اس عہد نو کا وہ بکھرا ہوا لباس ہوں میں
کمالؔ مجھ کو نئی نسل یاد رکھے گی
کتاب زیست کا اک ایسا اقتباس ہوں میں
بزم احباب میں پھیلی جو سخن کی خوشبو (غزل)
بزم احباب میں پھیلی جو سخن کی خوشبو
مجھ کو محسوس ہوئی مشک ختن کی خوشبو
میرے اشعار میں ہے گنگ و جمن کی خوشبو
مجھ کو لگتی ہے بھلی ارض وطن کی خوشبو
باغ جنت کے بھی پھولوں میں نہیں ہو سکتی
ایسی ہوتی ہے شہیدوں کے بدن کی خوشبو
جو روایات کے منکر ہیں یہ کہہ دو ان سے
میری تہذیب میں ہے عہد کہن کی خوشبو
مجھ کو فرسودہ مضامین سے نسبت ہی نہیں
میری غزلوں میں ہے پاکیزہ چلن کی خوشبو
یوں تو وابستہ ہوں ہر شعبۂ ہستی سے کمالؔ
مست رکھتی ہے مگر شعر و سخن کی خوشبو
فریب ہی فریب کا یہ شہر ہے (نظم)
فریب ہی فریب کا یہ شہر ہے
یہ شہر مکر کے حسین جامۂ دراز میں
ترقیوں کی آڑ میں
فریب دے رہا ہے لمحہ لمحہ راہگیر کو
یہ شہر بھی عجیب ہے
یہاں خلوص و پیار امن دوستی فریب ہیں
فریب گفتگو کا نام ہی ہے فرد کا عمل
فریب رنگ و بو میں کھو کے رہ گیا ہے آدمی
یہ رونقیں یہ بام و در فریب ہی فریب ہیں
ہر ایک جرم راست ہے
ہر ایک راست جرم ہے
یہاں ہے ناروا روا
یہاں کوئی سزا نہیں
ہجوم گمرہی میں گھٹ رہی ہے روح زندگی
فریب دے رہی ہے شکل دوستی میں دشمنی
صداقتوں کو سامنا ہے ہر قدم زوال کا
فریب کار شہر کے فریب ہی عجیب ہیں