کمال حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا تجھ کو بتائیں اے ہمدم کیا حشر کا ساماں ہوتا ہے (غزل)
کیا تجھ کو بتائیں اے ہمدم کیا حشر کا ساماں ہوتا ہے
جب عشق کی جاں پر بنتی ہے جب حسن پشیماں ہوتا ہے
جو آنکھ سے آنسو بہتا ہے وہ ننگ غم جاں ہوتا ہے
وہ اشک گہر کہلاتا ہے پلکوں پہ جو رقصاں ہوتا ہے
کیا کیا نہ بہ نام لطف و کرم اے گردش دوراں ہوتا ہے
تخریب کے ساماں ہوتے ہیں تعمیر کا عنواں ہوتا ہے
کیا تجھ کو خبر ہے اے ناصح کیا چیز محبت ہوتی ہے
کیوں کر شب فرقت کٹتی ہے اور کیا غم ہجراں ہوتا ہے
اے اہل چمن اب تم ہی کہو یہ کار جنوں پیشہ تو نہیں
تنظیم نشیمن ہوتی ہے برباد گلستاں ہوتا ہے
برباد جفاؤں کی آندھی یوں ہوش اڑاتی ہے میرے
جس طرح ہوا سے اک آنچل گلشن میں پریشاں ہوتا ہے
کچھ درد وفا کی راہوں میں ہم راہ وہ چلتے تو ہیں مگر
ہو جاتے ہیں اوجھل نظروں سے اک موڑ نمایاں ہوتا ہے
اس زخم کی لذت کیا ہو بیاں اس درد کا عالم کیا کہئے
جس وقت کسی کا تیر نظر پیوست رگ جاں ہوتا ہے
مانا کہ بھنور میں کشتی ہے اور یورش طوفاں بھی ہے مگر
کیا خوف کمالؔ اب موجوں کا اللہ نگہباں ہوتا ہے
مآل عاشقی ہے اپنی ہستی سے گزر جانا (غزل)
مآل عاشقی ہے اپنی ہستی سے گزر جانا
کمال زندگی ہے موت سے پہلے ہی مر جانا
کلیسا سے غرض مجھ کو نہ مطلب دیر و کعبہ سے
جبیں نے میری ہر ذرے کو تیرا سنگ در جانا
زمانہ اس کی قسمت پر ہمیشہ ناز کرتا ہے
میسر ہو جسے محبوب کے کوچے میں مر جانا
وہ بزم غیر میں جانے لگے ہیں شوق سے جائیں
مگر طرفہ ستم ہے میرے کوچے سے گزر جانا
کمالؔ ان کی عیادت اک قیامت کر گئی برپا
شکن ماتھے پہ پڑنا اور مریض غم کا مر جانا
بیاں کیا تجھ سے ہو ہمدم کہ شاعر کون ہے کیا ہے (نظم)
بیاں کیا تجھ سے ہو ہمدم کہ شاعر کون ہے کیا ہے
وہ اس دنیا میں رہ کر اور ہی عالم میں رہتا ہے
کبھی تخئیل کی پہنائیوں میں گم سا پھرتا ہے
کبھی کون و مکاں کی وسعتوں میں ڈوب جاتا ہے
اگر تفصیل ہو درکار جو شاعر کی فطرت کی
ہوئی ہے مختصر اشعار میں تفسیر شاعر کی
تبسم کیش تسکیں دہ تمدن ساز ہوتا ہے
حیات افروز ذوق دید کا دم ساز ہوتا ہے
جہان ہوش کا سرمایۂ صد ناز ہوتا ہے
ہر اک انداز میں سرمستیوں کا راز ہوتا ہے
شعور زندگی جس کے تفکر سے سنورتا ہے
جہان رنگ و بو جس کی نگاہوں میں نکھرتا ہے
یہ جلوے یہ بہاریں یہ گلستاں جس کے دم سے ہے
حیات شوق کی تسکیں کا ساماں جس کے دم سے ہے
یہ ہر ممکن بہار بزم امکاں جس کے دم سے ہے
لب اعجاز سے ہستی غزل خواں جس کے دم سے ہے
یہ سب سرگرمیٔ احساس ہے شاعر کی ہستی سے
سرور و کیف کی سرمستیاں ہیں اس کی مستی سے
بہر عالم سلیقہ عزم و ہمت کا سکھاتا ہے
بہر صورت جمال عظمت ہستی دکھاتا ہے
سرود زندگی پر زندگی کے گیت گاتا ہے
جہاں دل سرد پڑ جاتے ہیں شاعر مسکراتا ہے
نشان عظمت انسانیت کا نام ہے شاعر
سراپا لطف و عزم و ہوش کا پیغام ہے شاعر