کمل ہاتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھیں گئیں سرور گیا لت چلی گئی (غزل)
آنکھیں گئیں سرور گیا لت چلی گئی
تم کیا گئے کہ ساری ضرورت چلی گئی
تم کو پتہ ہے تم سے بچھڑنے پہ کیا ہوا
ہم کو اکیلا چھوڑ کے ہمت چلی گئی
برسوں جسے کمانے میں دل نے لگا دئے
آنکھوں کے راستے سے وہ دولت چلی گئی
کل ہم تلاش میں تھے کوئی آئنہ ملے
اب آئنہ ملا ہے تو صورت چلی گئی
اب چھوڑیئے بھی کیسا منافع کہاں کا سود
اس کاروبار عشق میں لاگت چلی گئی
تعلق ٹوٹنے کا غم اٹھانا بھی ضروری تھا (غزل)
تعلق ٹوٹنے کا غم اٹھانا بھی ضروری تھا
ضروری تم بھی تھے لیکن زمانہ بھی ضروری تھا
تیری آنکھوں کی بے چینی مری زنجیر تھی لیکن
کھڑی تھی ریل گاڑی اور جانا بھی ضروری تھا
محبت کا بدل کچھ بھی اگر ہے تو محبت ہے
گئے تھے جس طرح ویسے ہی آنا بھی ضروری تھا
اگر میں فرض تھا تو پھر نبھایا کیوں نہیں تم نے
اگر میں قرض تھا تو پھر چکانا بھی ضروری تھا
میں کب تک راز رکھتا دل میں اپنی بے وفائی کا
یہ بات آ کر تمہیں اک دن بتانا بھی ضروری تھا
فضا میں اس طرح اڑتا رہے گا مستقل کب تک
پرندے کے لئے اک آشیانا بھی ضروری تھا