کلیم شاداب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اردو ہو یا مصری ہو (غزل)
اردو ہو یا مصری ہو
کتنی میٹھی لگتی ہو
پھولوں کا دل دکھتا ہے
کانٹوں پر جب چلتی ہو
چاند سے تم کو کیا نسبت
چھت پر راہ ٹہلتی ہو
شوق نرالے ہیں سارے
پھول سے شبنم چنتی ہو
کتنی نازک اور معصوم
کانچ کی گڑیا جیسی ہو
تم کو چھونا نا بابا
چلتی پھرتی بجلی ہو
قطرہ قطرہ شاہد ہے
رگ رگ میں تم بہتی ہو
رنگ بھی تم میں خوشبو بھی
پھول ہو یا پھر تتلی ہو
جب ان کی تعبیر نہیں
خوابوں میں کیوں آتی ہو
کتنا سستا ہے شادابؔ
اور تم کتنی مہنگی ہو
ترا حسن کوئی طلسم ہے تو قبول دل کا پیام کر (غزل)
ترا حسن کوئی طلسم ہے تو قبول دل کا پیام کر
جسے چاہے اپنا عزیز رکھ جسے چاہے اپنا غلام کر
مرے دل کشا مرے دل نشیں مرے ہم نوا مرے ہم نشیں
مرے دل میں پل کو ٹھہر کبھی کسی شام اس میں قیام کر
کبھی نیند کی تو کتاب میں کسی روز آ مرے خواب میں
مری خامشی سے کلام کر کوئی گفتگو مرے نام کر
بڑی پاک ہے مری عاشقی نہ ہوس کی ہے اسے تشنگی
نہ شراب حسن پلا مجھے مرے نام دید کا جام کر
یہ لباس ہجر اتار کر تو لباس وصل پہن کبھی
نہ خسوف ہو نہ اماس ہو وہ وصال ماہ تمام کر