کلیم طاہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ بھی کیا دن تھے کہ حاصل مجھ کو تیرا پیار تھا (غزل)
وہ بھی کیا دن تھے کہ حاصل مجھ کو تیرا پیار تھا
ایک پل انکار تھا اور ایک پل اقرار تھا
وہ بھی کیا دن تھے یہاں گلزار تھا اور یار تھا
اس جگہ نوکیلے خاروں کا بڑا انبار تھا
راستوں کے پیچ و خم کی فکر تھی واللہ کسے
یہ تسلی تھی کہ میرے ساتھ میرا یار تھا
زندگی کے گوشہ گوشہ میں تلاشا تھا جسے
مل گیا مجھ کو وہ جب میرے لئے بے کار تھا
چندا ماما کی کہانی ننھے بچوں نے سنی
چاند پر جانا تو پچھلے دور میں دشوار تھا
اک زمانہ جس کو کہتا تھا کلیم طاہریؔ
یاد ہے اس شہر میں اتنا بڑا فن کار تھا
بندہ پرور ہوا کرے کوئی (غزل)
بندہ پرور ہوا کرے کوئی
میری حاجت روا کرے کوئی
ہم ہیں دانستہ اس لئے بیمار
کچھ ہماری دوا کرے کوئی
ہم نے لوگوں کا کیا بگاڑا تھا
کیوں ہمارا گلہ کرے کوئی
کون اس کو معاف کرتا ہے
جانتے بھی خطا کرے کوئی
صبر جو رنج پر کرے ہمدم
اس طرح غم سہا کرے کوئی
ہم ہیں خواہاں کلیمؔ الفت کے
کچھ نہ دے دکھ خدا کرے کوئی