کالی داس گپتا رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ازل سے تا بہ ابد ایک ہی کہانی ہے (غزل)
ازل سے تا بہ ابد ایک ہی کہانی ہے
اسی سے ہم کو نئی داستاں بنانی ہے
اجڑ تو سکتا ہے لیکن بدل نہیں سکتا
وہ حق شناس جو اک عہد کی نشانی ہے
خرد کی باتیں کہاں تک کرو گے دیوانو
خرد کے نام پہ کچھ خاک بھی اڑانی ہے
تمہارے رنگ جفا کو بھی ہے قیام کہیں
ہمارے عشق کی منزل تو کامرانی ہے
فقط سمجھنے کے انداز ہیں قدیم و جدید
فسانہ گو کے تو لب پر وہی کہانی ہے
حیات لاکھ ہو فانی مگر یہ سن رکھئے
حیات سے جو ہے مقصود غیر فانی ہے
سنی سنائی پہ ترجیح لاکھ بار اس کو
کتاب دل کی رضاؔ بات آسمانی ہے
جب فکروں پر بادل سے منڈلاتے ہوں گے (غزل)
جب فکروں پر بادل سے منڈلاتے ہوں گے
انساں گھٹ کر سائے سے رہ جاتے ہوں گے
دو دن کو گلشن پہ بہار آنے کو ہوگی
پنچھی دل میں راگ سدا کے گاتے ہوں گے
دنیا تو سیدھی ہے لیکن دنیا والے
جھوٹی سچی کہہ کے اسے بہکاتے ہوں گے
یاد آ جاتا ہوگا کوئی جب راہی کو
چلتے چلتے پاؤں وہیں رک جاتے ہوں گے
کلی کلی برہن کی چتا بن جاتی ہوگی
کالے بادل گھر کر آگے لگاتے ہوں گے
دکھ میں کیا کرتے ہوں گے دولت کے پجاری
روپ کھلونا توڑ کے من بہلاتے ہوں گے