پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کالی چرن سنگھ کی غزلیں — Kalicharan Singh Ghazals

کالی چرن سنگھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

احساس قربتوں کا دلاتے ہوئے تجھے (غزل)

احساس قربتوں کا دلاتے ہوئے تجھے

ہم ڈوبنے لگے ہیں بچاتے ہوئے تجھے

چلتے رہے نگاہ میں لاتے ہوئے تجھے

آئے ہیں ہم کہاں پہ نبھاتے ہوئے تجھے

ہم کو ہمارے ضبط پے تھا ہی نہیں یقین

سو رو پڑے گلے سے لگاتے ہوئے تجھے

ہر بار کوئی چیز تو جاتا ہے توڑ کر

سو ڈر رہا ہوں خواب میں لاتے ہوئے تجھے

کوزہ گروں نے آج مجھے یہ دیا جواب

ہم تھک چکے ہیں دوست بناتے ہوئے تجھے

آ پاس میرے مل کے مناتے ہیں اس کا سوگ

ہارا ہوں میں بھی دوست ہراتے ہوئے تجھے

تمام وحشتیں میری بڑھا کے چھوڑ گیا (غزل)

تمام وحشتیں میری بڑھا کے چھوڑ گیا

وہ مجھ کو صحرا میں دریا دکھا کے چھوڑ گیا

ہوا بھی پردہ ہلائے تو ہو گماں اس کا

وہ جاتے جاتے یوں پردہ ہلا کے چھوڑ گیا

کوئی بتائے کہ کیسے گزارا ہو اپنا

ہمیں جہاں میں وہ اچھا بنا کے چھوڑ گیا

وفا پرست کہوں یا کہ بے وفا اس کو

عجیب شخص تھا وعدہ نبھا کے چھوڑ گیا

کل ایک خواب جو آیا تھا میری آنکھوں میں

تمہارے شہر کا نقشہ بنا کے چھوڑ گیا

مزید غزلیں از کالی چرن سنگھ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں