پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کلیم عثمانی کی غزلیں — Kaleem Usmani Ghazals

کلیم عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات پھیلی ہے تیرے سرمئی آنچل کی طرح (غزل)

رات پھیلی ہے تیرے سرمئی آنچل کی طرح

چاند نکلا ہے تجھے ڈھونڈنے پاگل کی طرح

خشک پتوں کی طرح لوگ اڑے جاتے ہیں

شہر بھی اب تو نظر آتا ہے جنگل کی طرح

پھر خیالوں میں ترے قرب کی خوشبو جاگی

پھر برسنے لگی آنکھیں مری بادل کی طرح

بے وفاؤں سے وفا کر کے گزاری ہے حیات

میں برستا رہا ویرانوں میں بادل کی طرح

جب سر شام کوئی یاد مچل جاتی ہے (غزل)

جب سر شام کوئی یاد مچل جاتی ہے

دل کے ویرانے میں اک شمع سی جل جاتی ہے

جب بھی آتا ہے کبھی ترک تمنا کا خیال

لے کے اک موج کہیں دور نکل جاتی ہے

یہ ہے مے خانہ یہاں وقت کا احساس نہ کر

گردش وقت یہاں جام میں ڈھل جاتی ہے

خواہش زیست غم مرگ غم سود و زیاں

زندگی چند کھلونوں سے بہل جاتی ہے

جب وہ ہنستے ہوئے آتے ہیں خیالوں میں کلیمؔ

شام غم صبح مسرت میں بدل جاتی ہے