کلیم سرونجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کاش محفل میں آج تو بھی ہو (غزل)
کاش محفل میں آج تو بھی ہو
اور کچھ میری گفتگو بھی ہو
ڈھونڈنے میں کچھ اور لطف آئے
دل میں گر ذوق جستجو بھی ہو
کچھ تمہارا نشاں نہیں ملتا
اور دنیا میں چار سو بھی ہو
خاک پیدا ہو لطف خود بینی
کوئی آئینہ روبرو بھی ہو
ہوش اڑتے ہیں کس کے دیکھیں گے
گفتگو ان سے دو بدو بھی ہو
طور پر آئیں وہ کلیمؔ مگر
ان کے جلوؤں کی آرزو بھی ہو
ہر نفس انقلاب ہو جیسے (غزل)
ہر نفس انقلاب ہو جیسے
آگہی اضطراب ہو جیسے
یاد ماضی کی وہ لطیف کسک
ایک رنگین خواب ہو جیسے
یوں زمانے میں جی رہے ہیں لوگ
کوئی نقش بر آب ہو جیسے
فق رہا ہے نفس نفس میرا
زندگی اک عذاب ہو جیسے
بہر نظارہ جا رہے ہیں کلیمؔ
آج جلوؤں کی تاب ہو جیسے
مزید غزلیں از کلیم سرونجی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں