کلیم سہسرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھر اضطراب شوق میں غم سے مفر کہاں (غزل)
پھر اضطراب شوق میں غم سے مفر کہاں
وہ حسن التفات وہ حسن نظر کہاں
تاریکیٔ حیات سے گھبرا گیا ہے جی
دیکھیں شب فراق کی پھر ہو سحر کہاں
تیرے بغیر محفل دل بھی اداس ہے
اے حسن نا شناس تجھے یہ خبر کہاں
اب تک سمجھ رہا تھا جسے تیری رہ گزر
تھا اک فریب شوق تری رہ گزر کہاں
عرصہ ہوا کہ بزم تمنا اجڑ چکی
پہلی سی اب وہ رونق شام و سحر کہاں
جلووں کی تاب لا نہ سکی دل کی آنکھ بھی
پھر دیکھے کس طرح کوئی تاب نظر کہاں
اک چشم لطف کا ہے تری منتظر کلیمؔ
ورنہ جبین شوق کہاں سنگ در کہاں
کسی کی جب سے جفاؤں کا سلسلہ نہ رہا (غزل)
کسی کی جب سے جفاؤں کا سلسلہ نہ رہا
دل حزیں میں محبت کا حوصلہ نہ رہا
دیار حسن میں ملتی نہیں ہے جنس وفا
دل غریب کا اب ان سے واسطہ نہ رہا
ہوائے یاس نے شمع امید گل کر دی
کسی سے اب کوئی شکوہ بھی برملا نہ رہا
مری نظر کا تقاضا بھلا وہ کیا سمجھیں
کہ حسن و عشق میں پہلا سا رابطہ نہ رہا
اجڑ گیا ہے کچھ اس طرح اب دیار وفا
کہیں بھی میری تمنا کا نقش پا نہ رہا
خودی نہ ہو سکی منت کش نشاط وفا
ہمارا ہاتھ کبھی مائل دعا نہ رہا
کلیمؔ کون مصیبت میں کس کا ہوتا ہے
دیار دوست میں کوئی بھی آشنا نہ رہا