کلیم رہبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی صورت بھی باطل کی طرف داری نہیں کرنا (غزل)
کسی صورت بھی باطل کی طرف داری نہیں کرنا
منافق کی طرح ہرگز اداکاری نہیں کرنا
وطن کے جاں نثاروں نے دیا ہے درس یہ ہم کو
کبھی اپنے وطن کے ساتھ غداری نہیں کرنا
یہ اندھی شہرتیں اک دن تمہیں بے نام کر دیں گی
کبھی تم بھول کر دھوکہ ریا کاری نہیں کرنا
میاں وہ مال جس میں بیکسوں کی آہ شامل ہو
تم ایسی چیز سے ہرگز بھی افطاری نہیں کرنا
اگرچہ تم ہو رہبرؔ قوم کے تو دھیان یہ رکھنا
وفا داری پہ قائم رہنا عیاری نہیں کرنا
بکھرے جو خلاؤں میں یہ چاند ستارے ہیں (غزل)
بکھرے جو خلاؤں میں یہ چاند ستارے ہیں
کچھ خواب تمہارے ہیں کچھ خواب ہمارے ہیں
کیا خون رلاتے ہیں تنہائی کے عالم میں
وہ لمحے محبت کے جو ساتھ گزارے ہیں
ممکن ہے زمانے کو پھر ان کی ضرورت ہو
یہ امن و محبت کے انمول نظارے ہیں
یا رب مری کشتی کا اب تو ہی محافظ ہے
طوفان مقابل ہے اور دور کنارے ہیں
یہ جھوٹی سیاست اور مطلب کے نمائندے
کہتے ہیں بڑھو آگے ہم ساتھ تمہارے ہیں
بے قدر زمانے کو احساس نہیں آخر
موتی کی طرح رہبرؔ یہ اشک ہمارے ہیں