پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کلیم جاذل کی غزلیں — Kaleem Jazil Ghazals

کلیم جاذل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ یہ بدلا نہ وہ بدلا نہ یہ دل کا جہاں بدلا (غزل)

نہ یہ بدلا نہ وہ بدلا نہ یہ دل کا جہاں بدلا

اگر بدلا یہاں کچھ تو فقط وہ مہرباں بدلا

تمہیں بھی چین کی نیندیں یہاں سونے نہیں دیں گی

اگر اجداد کا تم نے ذرا سا بھی نشاں بدلا

زمانے میں بہت آیا تغیر دوستو لیکن

زمیں جیسی کی تیسی ہے نہ رنگ آسماں بدلا

ابھی تک لوگ قائم ہیں انہیں جھوٹی روایت پر

تمہاری حق بیانی سے کوئی آخر کہاں بدلا

ہمیشہ جس کے ہونٹوں پر محبت کی رہیں باتیں

خدا جانے کہ کیوں اس کا ہے انداز بیاں بدلا

قدم آگے بڑھاتا ہی رہا میں سخت راہوں پر

نہ ہمت ہی مری ٹوٹی نہ یہ عزم جواں بدلا

ہے ان کو آج بھی جاذلؔ وفاداری پہ شک لیکن

نہ ہم نے شاخ گل چھوڑی نہ ہم نے آشیاں بدلا

آنکھوں میں انتظار کی گھڑیاں لیے ہوئے (غزل)

آنکھوں میں انتظار کی گھڑیاں لیے ہوئے

بیٹھا ہوں دل میں کتنے ہی ارماں لئے ہوئے

پل بھر میں پھوٹ سکتا ہے جذبوں کا اک ہجوم

آغوش میں حباب ہے طوفاں لئے ہوئے

حسرت بھری نگاہ سے بس دیکھتا رہا

نکلیں جب اس کو ساتھ میں سکھیاں لئے ہوئے

مانا کہ میری زندگی مشکل میں ہے مگر

چلتا ہوں پھر بھی خوشیوں کا ساماں لئے ہوئے

جاذلؔ بہت ہی ناز تھا جب عشق پر تجھے

کیوں پھر رہا ہے چاک گریباں لئے ہوئے

مزید غزلیں از کلیم جاذل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں