کلیم حیدر شرر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت تھا ناز جن پر ہم انہیں رشتوں پہ ہنستے ہیں (غزل)
بہت تھا ناز جن پر ہم انہیں رشتوں پہ ہنستے ہیں
ہمیں کیا رسم دنیا ہے کہ سب اپنوں پہ ہنستے ہیں
ہم ایسے لوگ دیواروں پہ ہنسنے کے نہیں قائل
مگر جب جی میں آتا ہے تو دروازوں پہ ہنستے ہیں
دوانہ کر گیا آخر ہمیں فرزانہ پن اپنا
کہ جن لوگوں کو رونا تھا ہم ان لوگوں پہ ہنستے ہیں
اب اس کو زندگی کہئے کہ عہد بے حسی کہئے
گھروں میں لوگ روتے ہیں مگر رستوں پہ ہنستے ہیں
یہاں اپنا پرایا کچھ نہیں خوشبو پہ مت جاؤ
گلوں میں پڑنے والے پھول گلدستوں پہ ہنستے ہیں
سمجھنے والے کیا کیا کچھ سمجھتے ہیں شررؔ صاحب
رگ معنی پھڑکتی ہے تو ہم لفظوں پہ ہنستے ہیں
ارادوں کی شکستوں پر ثنا خوانی سے پہچانا (غزل)
ارادوں کی شکستوں پر ثنا خوانی سے پہچانا
خدایا میں نے تجھ کو کتنی آسانی سے پہچانا
کئی لوگوں نے پھلتے پھولتے پیڑوں سے جانا ہے
مگر میں نے تجھے سبزے کی عریانی سے پہچانا
مرے سجدے اسی دنیا میں میرے کام آئے ہیں
مرے قاتل نے مجھ کو میری پیشانی سے پہچانا
کبھی دیکھا کہ دل کیسے سکڑتا ہے ضرورت پر
کبھی دنیا کو پیسوں کی فراوانی سے پہچانا
رگ و پے میں در آتا ہے شررؔ ہر شعر کا نشہ
غزل کو بارہا ترتیب جسمانی سے پہچانا