پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیلاش ماہر کی غزلیں — Kailash Mahir Ghazals

کیلاش ماہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانے کیا سوچ کے ہم تجھ سے وفا کرتے ہیں (غزل)

جانے کیا سوچ کے ہم تجھ سے وفا کرتے ہیں

قرض ہے پچھلے جنم کا سو ادا کرتے ہیں

کیا ہوا جام اٹھاتے ہی بھر آئیں آنکھیں

ایسے طوفان تو ہر شام اٹھا کرتے ہیں

دل کے زخموں پہ نہ جاؤ کہ بڑی مدت سے

یہ دیے یوں ہی سر شام جلا کرتے ہیں

کون ہے جس کا مقدر نہ بنی تنہائی

کیا ہوا ہم بھی اگر تجھ سے گلا کرتے ہیں

رشتۂ درد کی میراث ملی ہے ہم کو

ہم ترے نام پہ جینے کی خطا کرتے ہیں

لہو نہ آنکھ سے ٹپکا نہ زخم دل ابھرے (غزل)

لہو نہ آنکھ سے ٹپکا نہ زخم دل ابھرے

بھری بہار کے یہ دن بہت گراں گزرے

وہ پر فریب نگاہیں وہ اعتماد کی موت

نہ جانے ذہن پہ ماضی کے نقش کیوں ابھرے

حسین لمحے مری زندگی کے لوٹا دے

جو آرزو میں کٹے تیری یاد میں گزرے

جنوں نواز نگاہیں ہیں رہ نما اپنی

نہ جانے قافلۂ زندگی کہاں ٹھہرے

سوال ترک وفا تم نے خود اٹھایا تھا

اداس کیوں ہیں نگاہیں یہ بال یوں بکھرے

نہ جانے آج ہی کیوں دل کی نبض ڈوب گئی

ترے دیار سے ہم یوں تو بارہا گزرے

یہی ہے جان محبت یہی شعور وفا

زباں خموش نگاہوں پہ لاج کے پہرے

قدم قدم پہ فسانے بنیں گے اے ماہرؔ

یہاں نہ آنکھ ہی بھیگے نہ منہ کا رنگ اترے

ہم سفر تو نے ادھر کاش نہ دیکھا ہوتا (نظم)

ہم سفر تو نے ادھر کاش نہ دیکھا ہوتا

کم نگاہی نے تری کیسی کشش چھلکا دی

منجمد ہو گیا آزر کا کوئی خواب-حسیں

کیوں مری جرأت-رندانہ مجھے لوٹا دی

چاند کا خواب نگاہوں میں اتر آیا ہے

دم بخود ہو کے کبھی ہونٹ دبانے کے نثار

جی میں کچھ سوچ کے مسکان چھپانے کے نثار

تجھ سے کچھ ربط نہیں ربط کا ارمان نہیں

راہ میں پھر کہیں مل جانے کا امکان نہیں

دل کی چاہت ہے یہی ساتھ چلوں چلتا ہوں

یہ سفر ختم نہ ہو راہ گزر ختم نہ ہو

میرے اشعار میں ڈھل جا کہ خزاں چھو نہ سکے

تا ابد حسن ترا یوں ہی تر و تازہ رہے

آج پھر دل کا کوئی زخم ابھر آیا ہے

مزید غزلیں از کیلاش ماہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں