پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیفی وجدانی کی غزلیں — Kaifi Wijdani Ghazals

کیفی وجدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ سرد فاصلہ بس آج کٹنے والا تھا (غزل)

وہ سرد فاصلہ بس آج کٹنے والا تھا

میں اک چراغ کی لو سے لپٹنے والا تھا

بہت بکھیرا مجھے میرے مہربانوں نے

مرا وجود ہی لیکن سمٹنے والا تھا

بچا لیا تری خوشبو کے فرق نے ورنہ

میں تیرے وہم میں تجھ سے لپٹنے والا تھا

اسی کو چومتا رہتا تھا وہ کہ اس کو بھی

عزیز تھا وہی بازو جو کٹنے والا تھا

مجھی کو راہ بدلنی تھی سو بدل ڈالی

کہیں پہاڑ بھی ٹھوکر سے ہٹنے والا تھا

تلاش جس کی تھی وہ حرف مل گیا ورنہ

میں ایک سادہ ورق اور الٹنے والا تھا

یہ کس کو تیر چلانے کا شوق جاگ اٹھا

وہ باز میری طرف ہی جھپٹنے والا تھا

خود سے ملنے کے لیے خود سے گزر کر آیا (غزل)

خود سے ملنے کے لیے خود سے گزر کر آیا

کس قدر سخت مہم تھی کہ جو سر کر آیا

لاش ہوتا تو ابھر آتا کی اک میں ہی کیا

سطح پر کوئی بھی پتھر نہ ابھر کر آیا

صرف دروازے تلک جا کے ہی لوٹ آیا ہوں

ایسا لگتا ہے کہ صدیوں کا سفر کر آیا

چاند قدموں پہ پڑا مجھ کو بلاتا ہی رہا

میں ہی خود بام سے اپنے نہ اتر کر آیا

مجھ کو آنا ہی تھا اک روز حقیقت کے قریب

زندگی میں نہیں آیا تھا تو مر کر آیا

مزید غزلیں از کیفی وجدانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں