پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیفی سنبھلی کی غزلیں — Kaifi Sanbhali Ghazals

کیفی سنبھلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں تو کہنے کو مرے خون کے پیاسے ہیں سبھی (غزل)

یوں تو کہنے کو مرے خون کے پیاسے ہیں سبھی

سر قلم کون کرے گا کہ نہتے ہیں سبھی

کل جو مسجد میں گئے ہم تو یہ محسوس ہوا

ایک ہم ہی ہیں گنہ گار فرشتے ہیں سبھی

اب یہ کیوں میری زباں کاٹ رہے ہو صاحب

تم تو کہتے تھے کہ اس شہر میں گونگے ہیں سبھی

قد بڑھا دے مرا یا شاخوں کو نیچا کر دے

جس قدر پھل ہیں مرے ہاتھ سے اونچے ہیں سبھی

خود کو اب بیچنے نکلو گے تو جاؤ گے کہاں

جتنے بازار میں سکے ہیں وہ کھوٹے ہیں سبھی

اب مرے پاس فقط ڈھال ہے تلوار نہیں (غزل)

اب مرے پاس فقط ڈھال ہے تلوار نہیں

میں زمیں دار کا بیٹا ہوں زمیں دار نہیں

رینگتے سانپ نظر آتے ہیں ہر سو مجھ کو

کیسے کہہ دوں کہ یہ فرعون کا دربار نہیں

زندگی کیسے گزاریں گے نہ جانے اپنی

میرے بچوں میں ذرا بھی کوئی مکار نہیں

قصر شاہی کا سمجھ لینا نہ حصہ خود کو

تو کہ دیوار کا سایہ ہے تو دیوار نہیں

ایک مدت ہوئی انگاروں پہ سوتے سوتے

پھر بھی اس وقت تلک قوم یہ بیدار نہیں

ہے زمینوں کے خریدار تو لاکھوں کیفیؔ

آسمانوں کا مگر کوئی خریدار نہیں

تازہ خبر ملی ہے (نظم)

تازہ خبر ملی ہے

ہتھنی دلہن بنی ہے

سو گز کا ہے غرارہ

دس گز کا ہے دوپٹا

کرتا ہے تنبو جیسا

آئے کہاں سے جوتا

ہے ڈھول جیسی نتھنی

پہنے ہے جس کو ہتھنی

کانوں میں ہے جو بندے

جیسے ٹرک کے پہیے

سنتا ہے جو بھی بندہ

سن کر یہی ہے کہتا

ایسی کہاں ہے ڈولی

بیٹھے گی جس میں ہتھنی

مزید غزلیں از کیفی سنبھلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں