پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیفی حیدرآبادی کی غزلیں — Kaifi Hyderabadi Ghazals

کیفی حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر طور ہر طرح کی جو ذلت مجھی کو ہے (غزل)

ہر طور ہر طرح کی جو ذلت مجھی کو ہے

دنیا میں کیا کسی سے محبت مجھی کو ہے

خود میں نے اپنے آپ کو بد نام کر دیا

ثابت ہوا کہ مجھ سے عداوت مجھی کو ہے

تم بھی تو روز دیکھتے رہتے ہو آئینہ

سچ بولو کیا پسند یہ صورت مجھی کو ہے

تم کو تو کچھ ضرور نہیں پاس دوستی

ہاں یہ ضرور ہے کہ ضرورت مجھی کو ہے

جب لطف تھا کہ اس کو بھی ہوتا مرا خیال

کیفیؔ غضب تو یہ ہے محبت مجھی کو ہے

وہ امنگیں ہیں نہ وہ دل ہے نہ اب وہ جوش ہے (غزل)

وہ امنگیں ہیں نہ وہ دل ہے نہ اب وہ جوش ہے

حسن بار چشم ہے نغمہ وبال گوش ہے

میں کہوں تو کیا کہوں اب وہ کہے تو کیا کہے

دے کے دل خاموش ہوں وہ لے کے دل خاموش ہے

اے وفور شادمانی یہ سمجھ لینے تو دے

کیا ہمیں ہیں جس سے وہ ہم بزم ہم آغوش ہے

اس طرف دل پر جگر پر اس طرف رہتا ہے ہاتھ

اپنی ہر کروٹ میں اک معشوق ہم آغوش ہے

تار اس کا ٹوٹنے پائے نہ کیفیؔ حشر تک

دامن اشک ندامت جرم عصیاں پوش ہے

گندی لڑکی پری ہو یا وہ حور (نظم)

گندی لڑکی پری ہو یا وہ حور

کرتے ہیں سب لوگ اس کو دور دور

منہ لگا کر بات تو کرتے نہیں

گندی کو پیار کرتے ہیں کہیں

مانجھ کر منجن سے دانت اپنے نہ دھوئے

ضد کرے ہر بات پر ہر لحظہ روئے

رینٹ اپنی آستین سے پوچ لے

بال سر کے آپ اپنے نوچ لے

آج پہنے کل کرے میلا لباس

اس کو آنے دے کوئی کیوں اپنے پاس

ایسی لڑکی کی بھلا کیا آبرو

چیپڑ آنکھوں میں ہو جس کے منہ میں بو

کنگھی بالوں میں نہ سر میں تیل ہے

بد تمیزی رات دن کا کھیل ہے

دھوپ میں کھیلے نہ آئے چھاؤں میں

سر پہ ٹوپی ہے نہ جوتا پاؤں میں

اچھی خاصی اپنے پڑھنے کی کتاب

جا بجا کر دے لکیروں سے خراب

روشنائی کے ہیں دھبے جا بجا

کرتے کا ہے آگا پیچھا ایک سا

کھانا کھا کر پوچ لے دامن سے ہاتھ

کپڑے بھر جائیں کبھی سالن سے ہاتھ

ایسی لڑکی کو کرے گا کون پیار

پاس جس کے جائے اس کو آئے عار