پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیفی چریاکوٹی کی غزلیں — Kaifi Chirayyakoti Ghazals

کیفی چریاکوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے اہل محبت کیا کہئے کیا چیز محبت ہوتی ہے (غزل)

اے اہل محبت کیا کہئے کیا چیز محبت ہوتی ہے

کچھ غم کی حقیقت ہوتی ہے کچھ دل کی طبیعت ہوتی ہے

کل زیست الم تا زیست الم یک وقفۂ دم تسکین الم

سنتے ہیں قیامت آتی ہے جب اس سے بھی فرصت ہوتی ہے

اف آیت سجدہ حسن ادا جلوے کے لیے پردہ بھی اٹھا

بیتاب جبیں جھک جاتی ہے کچھ ایسی بھی صورت ہوتی ہے

کچھ مست نگاہ ساقی ہے کل مے میں ہے جو کچھ باقی ہے

مے خانے کے باہر کچھ بھی نہیں مے خانے میں جنت ہوتی ہے

دنیا سے الگ ہو کر کیفیؔ دنیا سے خفا دنیا کا گلہ

امید اگر باقی نہ رہے تب یاس میں راحت ہوتی ہے

سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیں (غزل)

سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیں

گل جتنے ہیں اس باغ میں مرجھائے ہوئے ہیں

شرمندہ ہوں میں اپنی دعاؤں کے اثر سے

وہ آج پریشان ہیں گھبرائے ہوئے ہیں

خودداریٔ گیسو کا ہے اس رخ پہ یہ عالم

جھکنا جو پڑا ان کو تو بل کھائے ہوئے ہیں

اب تم بھی ذرا حسن جہاں سوز کو روکو

ہم تو دل بے تاب کو سمجھائے ہوئے ہیں

اے دست کرم پھینک دے کونین کو اس میں

دامن کو ترے سامنے پھیلائے ہوئے ہیں

پھوڑیں گے جبیں اب ترے در پر ترے محتاج

برباد ہیں تقدیر کے ٹھکرائے ہوئے ہیں

آتا ہے بڑھا بحر کرم جوش میں کیفیؔ

ہم اپنے گناہوں پہ جو شرمائے ہوئے ہیں

مزید غزلیں از کیفی چریاکوٹی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں