پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کہکشاں تبسم کی غزلیں — Kahkashan Tabassum Ghazals

کہکشاں تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موسم خوشبو رنگ دھنک کے منظر سارے اس کے تھے (غزل)

موسم خوشبو رنگ دھنک کے منظر سارے اس کے تھے

رات کی کالی چھایا میری چاند ستارے اس کے تھے

بیچ سمندر بخت ہمارا ساحل تک یہ آتا کب

موج ہوا پہ نام تھا اس کا دور کنارے اس کے تھے

سہمی سہمی گونگی بہری ایک گجریا میری تھی

ہنستے گاتے دھول اڑاتے راج دلارے اس کے تھے

اک چھوٹی سی چھت کی خاطر کیا کیا خواب گنوا بیٹھی

بھول گئی کہ اینٹیں اس کی مٹی گارے اس کے تھے

زنجیروں کے بدلے اب بھی گہنے پاتی ہوں جیسے

صدیوں سے یہ جبر کے بندھن بیچ ہمارے اس کے تھے

کتنی عجب تقسیم تبسمؔ کرتی ہے یہ دنیا بھی

میرا حصہ زہر ہلاہل امرت دھارے اس کے تھے

لہو کی موج میں جینا مرے حصے میں آیا ہے (غزل)

لہو کی موج میں جینا مرے حصے میں آیا ہے

بھنور بنتا ہوا دریا مرے حصے میں آیا ہے

سنہری عہد ماضی کی روایت ہم سے تھی لیکن

فقط دیمک لگا پنا مرے حصے میں آیا ہے

پرندے آشیانہ چھوڑ کے کس سمت جا نکلے

دکھوں کا اک شجر تنہا مرے حصے میں آیا ہے

روپہلی چاندنی اس کو امیر شہر کی بخشش

سلگتی دھوپ کا صحرا مرے حصے میں آیا ہے

دریچے کھول کے بھی رت کا اندازہ نہ کر پاؤں

عجب دہشت زدہ لمحہ مرے حصے میں آیا ہے

تبسمؔ ہاتھ میں جگنو لئے در در بھٹکتی ہوں

کہ گھائل رات کا نوحہ مرے حصے میں آیا ہے

ہزاروں صدیاں گزر چکی ہیں (نظم)

ہزاروں صدیاں گزر چکی ہیں

کسی سمے میں وہ تھی ست ونتی

کہیں ساوتری

کہیں تھی میرا

ہر ایک یگ میں

عقیدتوں کی لہر میں بھیگی

تپسیا کے سحر میں گم سم

روایتوں کے نشے میں ڈوبی

تمہارے قدموں کی گرد کو وہ تلک بناتی

دئے جلاتی تھی نقش پا پر

جنم جنم کا اٹوٹ رشتہ

نباہے جاتی

ہزاروں صدیوں سفر کیا ہے

نظر جمائے

تمہارے پیچھے

تمہارے دکھ پر دکھی ہوئی ہے

تمہارے سکھ پر سکھی ہوئی ہے

مگر بتاؤ

ہزاروں صدیوں کے درمیاں کوئی ایسا لمحہ

جو تم نے اس کے لیے جیا ہو

سوائے آنسو کے کوئی جگنو

کبھی جو آنچل میں جڑ دیا ہو

پرانے برگد پہ ایک دھاگا

کہیں تو اس کے بھی نام کا ہو

اندھیری طاقوں پہ اس کی خاطر

رکھا ہوا بھی تو اک دیا ہو

نہیں ہے کچھ بھی

کہیں نہیں ہے

وہ اپنی تاریخ میں تمہارا

لکھے بھی گر نام

کس طرح سے

مزید غزلیں از کہکشاں تبسم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں