پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کفیل آزر امروہوی کی غزلیں — Kafeel Aazar Amrohvi Ghazals

کفیل آزر امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی آنکھوں میں اتر جانے کو جی چاہتا ہے (غزل)

اس کی آنکھوں میں اتر جانے کو جی چاہتا ہے

شام ہوتی ہے تو گھر جانے کو جی چاہتا ہے

کسی کم ظرف کو با ظرف اگر کہنا پڑے

ایسے جینے سے تو مر جانے کو جی چاہتا ہے

ایک اک بات میں سچائی ہے اس کی لیکن

اپنے وعدوں سے مکر جانے کو جی چاہتا ہے

قرض ٹوٹے ہوئے خوابوں کا ادا ہو جائے

ذات میں اپنی بکھر جانے کو جی چاہتا ہے

اپنی پلکوں پہ سجائے ہوئے یادوں کے دیے

اس کی نیندوں سے گزر جانے کو جی چاہتا ہے

ایک اجڑے ہوئے ویران کھنڈر میں آذرؔ

نا مناسب ہے مگر جانے کو جی چاہتا ہے

رات بھر چاند کی گلیوں میں پھراتی ہے مجھے (غزل)

رات بھر چاند کی گلیوں میں پھراتی ہے مجھے

زندگی کتنے حسیں خواب دکھاتی ہے مجھے

ان دنوں عشق کی فرصت ہی نہیں ہے ورنہ

اس دریچے کی اداسی تو بلاتی ہے مجھے

توڑ دیتا ہوں کہ یہ بھی کہیں دھوکا ہی نہ ہو

جام میں جب تری صورت نظر آتی ہے مجھے

دن اسی فرق کے جنگل میں گزر جاتا ہے

رات یادوں کا وہی زہر پلاتی ہے مجھے

ساتھ جس روز سے چھوٹا ہے کسی کا آذرؔ

جیسے کمرے کی ہر اک چیز ڈراتی ہے مجھے

بات نکلے گی تو پھر دور تلک جائے گی (نظم)

بات نکلے گی تو پھر دور تلک جائے گی

لوگ بے وجہ اداسی کا سبب پوچھیں گے

یہ بھی پوچھیں گے کہ تم اتنی پریشاں کیوں ہو

جگمگاتے ہوئے لمحوں سے گریزاں کیوں ہو

انگلیاں اٹھیں گی سوکھے ہوئے بالوں کی طرف

اک نظر دیکھیں گے گزرے ہوئے سالوں کی طرف

چوڑیوں پر بھی کئی طنز کیے جائیں گے

کانپتے ہاتھوں پہ بھی فقرے کسے جائیں گے

پھر کہیں گے کہ ہنسی میں بھی خفا ہوتی ہیں

اب تو روحیؔ کی نمازیں بھی قضا ہوتی ہیں

لوگ ظالم ہیں ہر اک بات کا طعنہ دیں گے

باتوں باتوں میں مرا ذکر بھی لے آئیں گے

ان کی باتوں کا ذرا سا بھی اثر مت لینا

ورنہ چہرے کے تأثر سے سمجھ جائیں گے

چاہے کچھ بھی ہو سوالات نہ کرنا ان سے

میرے بارے میں کوئی بات نہ کرنا ان سے

مزید غزلیں از کفیل آزر امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں