پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کے کے نندہ اشک کی غزلیں — K K Nanda Ashk Ghazals

کے کے نندہ اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وقت کی دہلیز پر بیٹھے ہیں جانے کے لئے (غزل)

وقت کی دہلیز پر بیٹھے ہیں جانے کے لئے

منتظر ہیں موت کے آرام پانے کے لئے

کیا لکھوں جو زندگی اپنی کہانی کہہ گئی

لفظ لاؤں میں کہاں سے اس فسانے کے لئے

جو بنایا تھا کبھی وہ گھر بکھر کر رہ گیا

ہم ترستے ہی رہے اس آشیانے کے لئے

محفل جام و سبو میں اب کہاں وہ رونقیں

اب کہاں انداز ساقی ہے دکھانے کے لئے

زیب دیتا ہی نہیں ہر بات پر یوں روٹھنا

کیا کریں جائیں گے پھر ان کو منانے کے لئے

زندگی کی الجھنوں میں ہر کوئی مصروف ہے

اشکؔ کس کے پاس بیٹھیں دل لگانے کے لئے

جب روٹھ جانا آپ کا اچھا نہیں لگا (غزل)

جب روٹھ جانا آپ کا اچھا نہیں لگا

کیوں مان جانا آپ کا اچھا نہیں لگا

مٹی میں کیوں ملاتے ہیں ان موتیوں کو آپ

آنسو بہانا آپ کا اچھا نہیں لگا

محفل سے جو نکالا کوئی بات ہی نہ تھی

ہاں مسکرانا آپ کا اچھا نہیں لگا

ہر آستاں پہ دیکھیے تعظیم کے لئے

سر کو جھکانا آپ کا اچھا نہیں لگا

عزت نہیں بڑوں کی نہ چھوٹوں سے پیار ہے

ہم کو زمانہ آپ کا اچھا نہیں لگا

گو اشکؔ غیر ہی سہی لیکن یوں بزم سے

اس کو اٹھانا آپ کا اچھا نہیں لگا

مزید غزلیں از کے کے نندہ اشک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں