پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جیوتی پرکاش دوبے جوجی کی غزلیں — Jyoti Prakash Dubey Joji Ghazals

جیوتی پرکاش دوبے جوجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھول کو خار کیوں نہیں کرتے (غزل)

پھول کو خار کیوں نہیں کرتے

مجھ کو بیزار کیوں نہیں کرتے

اتنا آتا ہے آپ کو غصہ

آپ پھر پیار کیوں نہیں کرتے

ہے ضرورت مجھے عیادت کی

آپ بیمار کیوں نہیں کرتے

آنکھ تنہا ہے اک زمانے سے

آنکھ دو چار کیوں نہیں کرتے

جینا آسان ہے ترا جوجیؔ

اس کو دشوار کیوں نہیں کرتے

گر ان کو بھول جائیں تو گنگا نہائیں ہم (غزل)

گر ان کو بھول جائیں تو گنگا نہائیں ہم

ان کو نہ یاد آئیں تو گنگا نہائیں ہم

ان کو مناتے ہم کو تو عرصہ گزر گیا

وہ ہم کو بھی منائیں تو گنگا نہائیں ہم

فرقت میں ان کی کروٹیں بدلی ہیں بے حساب

ان کو بھی کچھ ستائیں تو گنگا نہائیں ہم

ساگر کا ہو کنارا حسیں چاند رات ہو

زانو پہ وہ سلائیں تو گنگا نہائیں ہم

نفرت کی بحر میں بھی لیے پیار کی ردیف

کچھ شعر جو سنائیں تو گنگا نہائیں ہم

کہتے ہیں عشق میں بھی بڑے سانحات ہیں

گر جان پہ بن آئیں تو گنگا نہائیں ہم

ملتے ہیں روز ہم سے بڑے احتیاط سے

اک روز بھول جائیں تو گنگا نہائیں ہم

غم کی اندھیری رات ہے تو جوجیؔ یوں کریں

کچھ دیپ وہ جلائیں تو گنگا نہائیں ہم