کامی شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ویسے تم اچھی لڑکی ہو (غزل)
ویسے تم اچھی لڑکی ہو
لیکن میری کیا لگتی ہو
میں اپنے دل کی کہتا ہوں
تم اپنے دل کی سنتی ہو
جھیلوں جیسی آنکھوں والی
تم بے حد گہری لگتی ہو
موج بدن میں رنگ ہیں اتنے
لگتا ہے رنگوں سے بنتی ہو
پھول ہوئے ہیں ایسے روشن
جیسے ان میں تم ہنستی ہو
جنگل ہیں اور باغ ہیں مجھ میں
تم ان سے ملتی جلتی ہو
یوں تو بشر زادی ہو لیکن
خوشبو جیسی کیوں لگتی ہو
اکثر سوچتا رہتا ہوں میں
خلوت میں تم کیا کرتی ہو
وہ قریہ آباد ہمیشہ
جس قریے میں تم رہتی ہو
اگر میں سچ کہوں تو صبر ہی کی آزمائش ہے (غزل)
اگر میں سچ کہوں تو صبر ہی کی آزمائش ہے
یہ مٹی امتحاں پیارے یہ پانی آزمائش ہے
نکل کر خود سے باہر بھاگنے سے خود میں آنے تک
فرار آخر ہے یہ کیسا یہ کیسی آزمائش ہے
تلاش ذات میں ہم کو کسی بازار ہستی میں
ترا ملنا ترا کھونا الگ ہی آزمائش ہے
نبود و بود کے پھیلے ہوئے اس کارخانے میں
اچھلتی کودتی دنیا ہماری آزمائش ہے
مرے دل کے دریچے سے اچک کر جھانکتی باہر
گلابی ایڑیوں والی انوکھی آزمائش ہے
یہ تو جو خود پہ نافذ ہو گیا ہے شام کی صورت
تو جانی شام کی کب ہے یہ تیری آزمائش ہے
دیے کے اور ہواؤں کے مراسم کھل نہیں پاتے
نہیں کھلتا کہ ان میں سے یہ کس کی آزمائش ہے