جنید سکندر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کا سفر مختصر مختصر (غزل)
زندگی کا سفر مختصر مختصر
سانس کی ہے ڈگر مختصر مختصر
خواہشیں ہر گھڑی نت نئی نت نئی
زندگی ہے مگر مختصر مختصر
تیرگی کی جگہ مستقل ہے یہاں
نور کا مستقر مختصر مختصر
جھوٹ کی رات ہے زندگی سے بڑی
سانچ کی ہر سحر مختصر مختصر
ہجر کا ایک پل اک صدی سا لگے
وصل کا ہر پہر مختصر مختصر
خوشبوؤں سی لگی ہیں تری قربتیں
خوشبوؤں کا اثر مختصر مختصر
لفظ دو ہی کہے تھے تو اس نے کہا
بولئے جی مگر مختصر مختصر
وہ ذرے کہ شمس و قمر ہو گئے (غزل)
وہ ذرے کہ شمس و قمر ہو گئے
وہ انجم غبار گزر ہو گئے
کچھ آساں تھے رستے نہ ہم چل سکے
جو مشکل ہدف تھے وہ سر ہو گئے
ہر اک بات دل کی کہیں برملا
صنم بھی تو کیسے نڈر ہو گئے
لٹا کر دل و جاں رہ عشق میں
ہوئے کامراں معتبر ہو گئے
تمہاری گلی میں وہ حالت ہوئی
کہ بے کار سارے ہنر ہو گئے
لگے منزلوں سے بھلے راستے
ہمارے وہ جب ہم سفر ہو گئے
خدائے احد کو بھلا کر جنیدؔ
جہاں میں خدا کس قدر ہو گئے