پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جنید حزیں لاری کی غزلیں — Junaid Hazin Lari Ghazals

جنید حزیں لاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہزاروں غم ہیں لیکن بار غم دل پر نہ رکھوں گا (غزل)

ہزاروں غم ہیں لیکن بار غم دل پر نہ رکھوں گا

یہ نازک آبگینہ اس پہ میں پتھر نہ رکھوں گا

وہ موسم وہ فضا وہ ساعتیں تیرے بچھڑنے کی

میں اپنے ذہن میں ماضی کے پس منظر نہ رکھوں گا

کوئی مسکن نہ ہوگا اب مری بے خواب راتوں کا

میں اپنے دشمنوں کے بیچ اپنا گھر نہ رکھوں گا

چلوں گا ساتھ اپنے کاروان سر خوشی لے کر

جلو میں اب غم اندوہ کا لشکر نہ رکھوں گا

مرا کیا ہے مجھے کانٹوں پہ سو لینے کی عادت ہے

مصاف زندگی میں بالش و بستر نہ رکھوں گا

بہت محتاط رہنے پر بھی اکثر بھیگ جاتا ہے

میں کوشش لاکھ کرتا ہوں کہ دامن تر نہ رکھوں گا

بجا ہے اے حزیںؔ مجرم ہوں ناکردہ گناہی کا

مگر الزام جینے کا میں اپنے سر نہ رکھوں گا

برپا ہیں عجب شورشیں جذبات کے پیچھے (غزل)

برپا ہیں عجب شورشیں جذبات کے پیچھے

بے تاب ہے دل شوق ملاقات کے پیچھے

جن کو نہ سمجھ پائے ہم ارباب نظر بھی

سو راز ہیں اس شوخ کی ہر بات کے پیچھے

اس ٹھوس حقیقت سے تعرض نہیں ممکن

اک صبح تجلی ہے ہر اک رات کے پیچھے

ارباب وطن ہم کو ذرا یہ تو بتائیں

کن ذہنوں کی سازش ہے فسادات کے پیچھے

منظر ہے لہو رنگ سلگتی ہیں فضائیں

شعلوں کا وہ سیلاب ہے برسات کے پیچھے

ہم ان کو سمجھتے ہیں حزیںؔ کہہ نہیں سکتے

اسباب جو ہیں تلخئ حالات کے پیچھے

ایک پھول کا چمن میں طلب گار میں ہوا (نظم)

ایک پھول کا چمن میں طلب گار میں ہوا

وہ پھول کھل رہا تھا سر شاخ آرزو

وہ پھول صد ہزار گلستاں میں انتخاب

وہ پھول دل کشی کی کہانی کا شوخ باب

دوشیزگی کا خواب بہاروں کی آب و تاب

ہر پنکھڑی نزاکت و نزہت لئے ہوئے

وہ گل تھا عطر‌ دان محبت لئے ہوئے

جذبات کی تپش سے مچلنے لگا تھا میں

گرمی آرزو سے پگھلنے لگا تھا میں

ریشم کا جسم رکھتے ہوئے خار بن گیا

وہ پھول میری جان کا آزار بن گیا

اک روز میرے ساتھ ہوا واقعہ عجب

بیتاب ہو کے دست طلب جب کیا دراز

حاصل جو سامنے تھا بہت دل خراش تھا

مانوس انگلیاں جو ہوئیں نوک خار سے

ایک ایک قطرہ

ان سے ٹپکنے لگا لہو

وہ ٹیس تھی کہ

مجھ کو

خدا یاد آ گیا

مزید غزلیں از جنید حزیں لاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں