پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جنید اختر کی غزلیں — Junaid Akhtar Ghazals

جنید اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری محفل میں اگر چاند ستارے ہوتے (غزل)

میری محفل میں اگر چاند ستارے ہوتے

وہ بھی قربان مری جان تمہارے ہوتے

مجھ کو صحراؤں سے جانے کی اجازت ہوتی

پھر یہ دریا نہ سمندر نہ کنارے ہوتے

وہ تو بس جھوٹی تسلی کو کہا تھا تم سے

ہم تو اپنے بھی نہیں، خاک تمہارے ہوتے

ان کے پیچھے بھی کوئی غم کا سمندر ہوگا

ورنہ آنسو نہ کبھی آنکھ میں کھارے ہوتے

تیرے وعدوں کو بھی بچوں کی طرح سے رکھتا

مجھ سے ہوتے تو سبھی راج دلارے ہوتے

تم نہیں تھے تو مری رہ گئی عزت اخترؔ

میں تو پڑ جاتا اگر پاؤں تمہارے ہوتے

بات سادہ تھی مگر دیر میں سمجھے اخترؔ

دور کیوں ہوتے اگر پاس تمہارے ہوتے

وہ لوگ تو آنکھوں سے بھی دیکھا نہیں کرتے (غزل)

وہ لوگ تو آنکھوں سے بھی دیکھا نہیں کرتے

جو دل کے دریچوں کو کبھی وا نہیں کرتے

ایسی ہی کشاکش میں الٹ جاتی ہے دنیا

سنبھلے نہ اگر دل تو سنبھالا نہیں کرتے

رکھتے ہیں محبت کو تغافل میں چھپا کر

پروا ہی تو کرتے ہیں جو پروا نہیں کرتے

ہوگا کوئی ہم جیسا کہاں ہجر گزیدہ

ماتم بھی تو تنہائی کا تنہا نہیں کرتے

اس چاک گریبانی پہ سمجھانے لگے سب

دھاگے بھی یہ کہتے ہیں کہ الجھا نہیں کرتے

کہتے ہیں سبھی سست مگر آپ کہیں کیوں

کہہ دیں جو کبھی آپ تو ہم کیا نہیں کرتے

اخترؔ کو برا کہتے کوئی بات نہیں تھی

غالبؔ کو برا کہتے ہو اچھا نہیں کرتے

مزید غزلیں از جنید اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں