جوشش عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تنہائی سے ہے صحبت دن رات جدائی میں (غزل)
تنہائی سے ہے صحبت دن رات جدائی میں
کیا خوب گزرتی ہے اوقات جدائی میں
رخصت ہو چلا تھا تب دامن نہ ترا تھاما
افسوس کہ ملتے ہیں اب ہاتھ جدائی میں
کیا ذکر ہے آنسو کا ظالم مری آنکھوں سے
خوں ناب ہی ٹپکے ہے یک ذات جدائی میں
جب وصل تھا ان روزوں یک دل ہی پہ آفت تھی
اب جان کا ہے سودا ہیہات جدائی میں
یہ نالہ و زاری یہ خستگی و خواری
جیدھر کو چلوں ؔجوشش ہیں سات جدائی میں
مرنا تو بہتر ہے جو مر جائیے (غزل)
مرنا تو بہتر ہے جو مر جائیے
جی سے کسی کے نہ اتر جائیے
قتل تو کرتا نہیں وہ کس طرح
اس کے گنہ گار ٹھہر جائیے
کیا لکھوں طاقت نہیں اے نامہ بر
مرنے ہی کی لے کے خبر جائیے
آئے ہو گر یاں تلک اے مہرباں
بیٹھے کوئی دم تو ٹھہر جائیے
سوئے حرم یا طرف بت کدہ
الغرض اے شیخ جدھر جائیے
دونوں جگہ جلوہ گہہ یار ہے
خواہ ادھر خواہ ادھر جائیے
مزید غزلیں از جوشش عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں