پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جوشؔ ملسیانی کی غزلیں — Josh Malsiani Ghazals

جوشؔ ملسیانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وطن کی سر زمیں سے عشق و الفت ہم بھی رکھتے ہیں (غزل)

وطن کی سر زمیں سے عشق و الفت ہم بھی رکھتے ہیں

کھٹکتی جو رہے دل میں وہ حسرت ہم بھی رکھتے ہیں

ضرورت ہو تو مر مٹنے کی ہمت ہم بھی رکھتے ہیں

یہ جرأت یہ شجاعت یہ بسالت ہم بھی رکھتے ہیں

زمانے کو ہلا دینے کے دعوے باندھنے والو

زمانے کو ہلا دینے کی طاقت ہم بھی رکھتے ہیں

بلا سے ہو اگر سارا جہاں ان کی حمایت پر

خدائے ہر دو عالم کی حمایت ہم بھی رکھتے ہیں

بہار گلشن امید بھی سیراب ہو جائے

کرم کی آرزو اے ابر رحمت ہم بھی رکھتے ہیں

گلہ نا مہربانی کا تو سب سے سن لیا تم نے

تمہاری مہربانی کی شکایت ہم بھی رکھتے ہیں

بھلائی یہ کہ آزادی سے الفت تم بھی رکھتے ہو

برائی یہ کہ آزادی سے الفت ہم بھی رکھتے ہیں

ہمارا نام بھی شاید گنہ گاروں میں شامل ہو

جناب جوشؔ سے صاحب سلامت ہم بھی رکھتے ہیں

دل پہ جو گزری کوئی کیا جانے (غزل)

دل پہ جو گزری کوئی کیا جانے

یہ تو ہم جانیں یا خدا جانے

خاک جھیلے گا وہ مصیبت عشق

جو لگا کر نہ پھر بجھا جانے

تو ہی اپنا مقام جانتا ہے

اک ظلوم و جہول کیا جانے

کیا کرے عرض مدعا وہ بشر

ابتدا کو جو انتہا جانے

بادہ نوشوں کا حشر کیا ہوگا

مجھ بلانوش کی بلا جانے

بات رندی کی مجھ کو آتی ہے

پارسائی کی پارسا جانے

تجھ کو اپنی خبر نہیں اے جوشؔ

تو خدائی کے راز کیا جانے

دیکھیے ان جینے والوں کا نشان زندگی (نظم)

دیکھیے ان جینے والوں کا نشان زندگی

دیکھیے ان مرنے والوں کا جہان زندگی

دیکھیے ان پستیوں میں آسمان زندگی

دیکھیے ان خاک کے ذروں کی شان زندگی

بیٹھیے دم بھر شہیدان وطن کی خاک پر

دیکھیے روح وفا کیا کیا ابھرتی ہے یہاں

دیکھیے حب وطن دل میں اترتی ہے یہاں

دیکھیے دل کی فضا کیسی نکھرتی ہے یہاں

دیکھیے رحمت خدا کی طوف کرتی ہے یہاں

اس جگہ بے رنگیاں بھی عالم تصویر ہیں

اس جگہ تاریکیاں بھی شمع کی تنویر ہیں

اس جگہ خاموشیاں بھی اک لب تقریر ہیں

اس جگہ روپوشیاں بھی دل کی دامن گیر ہیں

اٹھ گئے دنیا سے لیکن ایک دنیا ہو گئے

بلبلے پانی کے تھے ٹوٹے تو دریا ہو گئے

یہ وہ تھے ذرات جو اڑ کر ثریا ہو گئے

یہ وہ تھے بیمار جو مر کر مسیحا ہو گئے

بیٹھے دم بھر شہیدان وطن کی خاک پر

دل کے اجڑے باغ کو آباد ہوتے دیکھیے

روح کی افسردگی کو شاد ہوتے دیکھیے

بندگی کو قید سے آزاد ہوتے دیکھیے

پر شکستہ صید کو صیاد ہوتے دیکھیے

آئیے اس خاک سے کسب فضیلت کیجیے

آئیے قربان اس پر دل کی دولت کیجیے

ہاں ذرا رک جائیے اتنی نہ عجلت کیجیے

اس زیارت گاہ عالم کی زیارت کیجیے

مزید غزلیں از جوشؔ ملسیانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں