پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جوش بدایونی کی غزلیں — Josh Badayuni Ghazals

جوش بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت ہوگی محتاج بیاں جب ہم نہیں ہوں گے (غزل)

محبت ہوگی محتاج بیاں جب ہم نہیں ہوں گے

نہ سمجھے گا کوئی دل کی زباں جب ہم نہیں ہوں گے

ہماری انگلیاں ہیں نبض احساسات امکاں پر

یقیں پر وہم کا ہوگا گماں جب ہم نہیں ہوں گے

ابھی تو سب نے گرد کارواں ہی ہم کو سمجھا ہے

ہمیں ڈھونڈیں گے اہل کارواں جب ہم نہیں ہوں گے

نشاں منزل کا کیا منزل بھی گم ہوگی دھندلکوں میں

چراغ رہگزر دیں گے دھواں جب ہم نہیں ہوں گے

وطن کے چپے چپے پر کچھ ایسی یادگاریں ہیں

ہماری داستاں ہوگی یہاں جب ہم نہیں ہوں گے

محبت کے حسیں خوابوں کی تعبیریں ہمیں تک ہیں

بہت سے خواب ہوں گے رائیگاں جب ہم نہیں ہوں گے

ہمیں برباد کرنے سے یہ پہلے سوچنا ہوگا

تمہی پر تو اٹھیں گی انگلیاں جب ہم نہیں ہوں گے

ہماری خامشی کو اپنی حد سے تو گزرنے دو

بنے گی بے زبانی بھی زباں جب ہم نہیں ہوں گے

چھڑک کر خون دل ہم نے گلستاں کو نکھارا ہے

ہمیں روئے گا برسوں باغباں جب ہم نہیں ہوں گے

ہمارے بعد اکثر دعوت فکر و نظر دیں گی

ہمارے ذہن کی پرچھائیاں جب ہم نہیں ہوں گے

ہمیں پر ختم ہے اے جوشؔ شدت برق و باراں کی

نہ ہوگا انقلاب آسماں جب ہم نہیں ہوں گے

کہیں ایسا نہ ہو الزام توہین بہار آئے (غزل)

کہیں ایسا نہ ہو الزام توہین بہار آئے

بہاروں کا زمانہ ہم بیاباں میں گزار آئے

جب اٹھے سوگوار اٹھے جب آئے اشک بار آئے

یہ کیا کم تھا تری محفل میں دو لمحے گزار آئے

چمن میں رہ کے ہم نظم چمن یوں بھی سنوار آئے

کہ ہر دور چمن اہل چمن کو سازگار آئے

بہ قید ہوش اس دنیا میں دم لینا بھی مشکل تھا

مگر ہم بے خودیٔ شوق میں کچھ دن گزار آئے

محبت زندگی ہے زندگی کا نام دنیا ہے

محبت سازگار آئے تو دنیا سازگار آئے

وفور بے خودیٔ عشق میں ایسا بھی وقت آیا

وہ دل میں تھے مگر ہم دور تک ان کو پکار آئے

ہوا جب رخ بدلتی ہے تو جوش ایسا بھی ہوتا ہے

کہیں سے کارواں گزرے کہیں اڑ کر غبار آئے

مزید غزلیں از جوش بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں