پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جوہی بیگم کی غزلیں — Joohi Begam Ghazals

جوہی بیگم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ہوا سر جو تن سے جدا ہو گیا (غزل)

کیا ہوا سر جو تن سے جدا ہو گیا

حق محبت کا کچھ تو ادا ہو گیا

یہ مقدر بھی کیسی عجب چیز ہے

شاہ تھا جو کبھی وہ گدا ہو گیا

سب کی آنکھوں کا تارا رہا عمر بھر

اس نے سچ جب کہا تو برا ہو گیا

زخم جانے ہی کتنے ہرے ہو گئے

آج ان سے مرا سامنا ہو گیا

جو وفاؤں کا پیکر تھا سب کے لیے

لوگ کہتے ہیں وہ بے وفا ہو گیا

تجھ سے شکوہ نہیں اے مرے ہم نشیں

ہاں مقدر ہی مجھ سے خفا ہو گیا

ایسا روٹھا وہ مجھ سے اے شاماؔ کہ بس

روح کا جسم سے فاصلہ ہو گیا

رسم دنیا مجھ کو بھی آخر نبھانا آ گیا (غزل)

رسم دنیا مجھ کو بھی آخر نبھانا آ گیا

اپنے محسوسات کو دل میں دبانا آ گیا

بے زبانی نے مری برسوں رلایا خوں مجھے

لب کشا ہوں جب سے ٹھوکر میں زمانہ آ گیا

بن تمھارے زندگی تھی جیسے اک کوہ گراں

تم ملے ہمدم تو جینے کا بہانہ آ گیا

ہاں فقط رنج و الم سے آشنائی تھی مری

تم جو آئے ان لبوں کو مسکرانا آ گیا

ایک دن میری طرح تڑپو گے تم بھی دیکھنا

گر کہیں دل کو مرے تم کو بھلانا آ گیا

چار سو روتی بلکتی اور تڑپتی زندگی

میں بھلا کیسے کہوں موسم سہانہ آ گیا

اک نہ اک دن میں بھی شاماؔ مسکراؤں گی ضرور

نقش ماضی گر مجھے دل سے بھلانا آ گیا

مزید غزلیں از جوہی بیگم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں