پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جوگا سنگھ انور کی غزلیں — Joga Singh Anwar Ghazals

جوگا سنگھ انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خون کے چھینٹے سر صحن گلستاں دیکھے (غزل)

خون کے چھینٹے سر صحن گلستاں دیکھے

میں نے ایسے بھی کئی جشن بہاراں دیکھے

مجھ کو ہر درد مسیحا کی خبر ہے لیکن

کس کو فرصت ہے مرا حال پریشاں دیکھے

بے بسی میں تجھے کس نام سے تعبیر کروں

آشیاں جلتے رہے اور نگہباں دیکھے

آپ نے جلتے مکانوں کی کہانی ہی سنی

میری آنکھوں نے تو جلتے ہوئے انساں دیکھے

خود کو طوفان سے محفوظ سمجھنے والو

میں نے ساحل سے بھی اٹھتے ہوئے طوفاں دیکھے

خاک ہوگا اسے اندازۂ طوفاں انورؔ

رہ کے ساحل پہ جو موجوں کو پریشاں دیکھے

بے سبب ہی کوئی پتھر تو نہ آیا ہوگا (غزل)

بے سبب ہی کوئی پتھر تو نہ آیا ہوگا

آئینہ آپ نے اوروں کو دکھایا ہوگا

وہ دیوانہ جو محبت سے شناسا ہوگا

اس نے اس راہ میں کیا کچھ نہ لٹایا ہوگا

دشت پہلے کی طرح آج بھی پیاسا ہوگا

ابر برسا بھی تو دریاؤں پہ برسا ہوگا

قہقہہ بار تھا جو شخص بھری محفل میں

آ کے تنہائی میں کچھ سوچ کے رویا ہوگا

حال گلشن کا اسیران قفس کیا جانیں

اے صبا تو ہی بتا تو نے تو دیکھا ہوگا

کون اس دھوپ میں کمرے سے نکلتا انورؔ

جس کو چلنا تھا کڑی دھوپ میں چلتا ہوگا

مزید غزلیں از جوگا سنگھ انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں