پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جیا لعل دت رفیق کی غزلیں — Jiya Lal Datt Rafeeq Ghazals

جیا لعل دت رفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ابتدا کیا ہے انتہا کیا ہے (غزل)

ابتدا کیا ہے انتہا کیا ہے

موت کا نام دوسرا کیا ہے

بحر و بر میں تلاش ہے کس کی

مجھ سے کیا جانے کھو گیا کیا ہے

ذکر کر کے مری محبت کا

یہ بھی کہہ دو مری خطا کیا ہے

اک تمنا ہے تجھ کو پانے کی

لب پہ آئی ہے جو دعا کیا ہے

میں تو سجدے مدام کرتا ہوں

مجھ سے پوچھو کہ مدعا کیا ہے

تیری فرقت میں مجھ کو ہر لمحہ

جان کا روگ لگ گیا کیا ہے

خار دل میں مرے کھٹکتا کیوں

تو اگر جانتا وفا کیا ہے

جان و دل تو فدا ہوئے تجھ پر

اب مرے پاس رہ گیا کیا ہے

جو ہوئے ہیں شہید الفت میں

اے رفیقؔ ان کا مرتبہ کیا ہے

دل بے مدعا نے مار ڈالا (غزل)

دل بے مدعا نے مار ڈالا

مجھے میری حیا نے مار ڈالا

قضا کو چاہئے تھا اک بہانہ

مجھے تیری دعا نے مار ڈالا

جسے پالا تھا تیرے گیسوؤں نے

اسے باد صبا نے مار ڈالا

زمانے کی ہوا کب راس آئی

زمانے کی ہوا نے مار ڈالا

جسے اپنا سمجھ کے دل لگایا

اسی دیر آشنا نے مار ڈالا

مجھے تو مار سکتا تھا نہ کوئی

محبت کی ادا نے مار ڈالا

تلاش یار میں پھرتا ہوں کب سے

کسی کے نقش پا نے مار ڈالا

بزرگوں کی دعا سے بچ گیا تھا

مجھے میری دعا نے مار ڈالا

رفیقؔ اک روز تو مرنا ہے لیکن

کسی رنگیں ادا نے مار ڈالا

مزید غزلیں از جیا لعل دت رفیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں