جتیندر تیواری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب بھی وہ ملنے کا وعدہ کرتا ہے (غزل)
جب بھی وہ ملنے کا وعدہ کرتا ہے
دل میرا زوروں سے دھڑکا کرتا ہے
جو کچھ بھی ہم نیچے والے کرتے ہیں
سب کچھ اوپر والا دیکھا کرتا ہے
مالی کی قسمت بھی کیسی قسمت ہے
غیروں کے پیڑوں کو سینچا کرتا ہے
باہر سب سے ہنس کر ملتا جلتا ہے
لیکن گھر میں آ کر جھگڑا کرتا ہے
ہر بچے کو شاباشی دیتا ہے وہ
بس اپنے بچوں پر غصہ کرتا ہے
سچ بولوں تو مجھ کو ایسا لگتا ہے
میرا سایہ میرا پیچھا کرتا ہے
سنتے ہیں وہ آنے جانے والوں سے
بس میرے بارے میں پوچھا کرتا ہے
کیول میری غلطی ہو تو مانوں بھی
وہ بھی تو مڑ مڑ کر دیکھا کرتا ہے
ہم بھی اس سے ایسی مستی کرتے ہیں
جیسی مستی سوئی سے دھاگا کرتا ہے
اس نے دل پر وار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی (غزل)
اس نے دل پر وار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی
مجھ کو یوں بیمار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی
وہ جو دل کی کھڑکی اس نے میری خاطر کھولی تھی
اس کو گر دیوار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی
اول اس نے ہی آ کر اقرار کیا تھا چاہت کا
پھر جو یہ انکار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی
اب جو ہم کو غیر ضروری کہتا ہے اس نے ہم پر
وقت اگر بے کار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی
یارو ہم بے کار سہی پر اتنے بھی بے کار نہیں
اس نے ہم سے پیار کیا ہے کچھ تو بات رہی ہوگی